ریاست کے غیر معمولی حالات میں قارئین کی خدمت ہمارا مشن ہے، رانا جاوید
اس وقت کمیونٹی کے پریشان طبقات کی معاونت، مخیر حضرات و اداروں کا فریضہ ہے، پاکستان نیوز
شکاگو(پاکستان نیوز) کرونا وائرس COVID-19 کی تیزی سے بڑھتی ہوئی شدت اور پھیلاﺅ کے باعث ریاست کی سیاسی، سماجی، کاروباری سرگرمیوں کو گہن لگ گیا، تمام نظام زندگی بُری طرح متاثر، بازار سنسان، ماسوائے بنیادی ضروریات کی اشیاءاور طبی سہولیات کے اداروں و دوکانوں کے تمام کاروباری سرگرمیاں ختم ہو گئیں، لوگ احتیاطی تدابیر کے طور پر اپنے گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے، ان حالات میں اردو قارئین کا مقبول ترین ہفتہ وار اخبار ”پاکستان نیوز“ اپنا فرض منصبی نبھا رہا ہے اور قارئین تک تازہ ترین ا طلاعات اور مطالعاتی مواد کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے، پاکستان نیوز شکاگو کے بیورو چیف رانا جاوید کا کہنا ہے کہ تمام تر نامساعد حالات کے باوجود اور وسائل کی مشکلات کے باوجود اخبار کی اشاعت میں تسلسل اور قارئین کی خدمت ہمارا مشن ہے۔ ذرائع اور موصول شدہ اطلاعات کے مطابق موجودہ غیر معمولی حالات میں کمیونٹی بالخصوص پاکستانی کمیونٹی کے محدود وسائل کے حامل طبقات، سخت دُشواریوں کا شکار ہیں اور احساس محرومی سے نفسیاتی پیچیدگیوں سے دوچار ہیں، ادارہ پاکستان نیوز کے مشاہدے کے مطابق کمیونٹی کے خوشحال طبقات اپنے محروم عزیز و اقارب اور احباب سے خیریت جاننے کی بھی زحمت نہیں کر رہے، وقت کا تقاضہ ہے کہ صاحب ثروت افراد اور ادارے ان پریشان حالوں کی معاونت کو اپنا فریضہ سمجھیں۔