اقوام متحدہ (پاکستان نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے یو این نیوز کے اردو ورژن کے اجرا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی دنیا بھر میں اردو بولنے والے سامعین تک رسائی کو وسعت دے گا اور متعدد زبانوں میں اس کے ابلاغ کے تنوع کو فروغ دے گا۔ انہوں نے دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے مقاصد اور ترجیحات خصوصا انسانی حقوق، موسمیاتی تبدیلی اور ترقی سے متعلق اقوام متحدہ کے مقاصد اور ترجیحات کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے کثیرا لسانی اور اقوام متحدہ کی کمیونٹیز کے تنوع کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی اہم کوششوں کی حمایت کرنے پر اقوام متحدہ کے شعبہ عالمی مواصلات کی تعریف کی۔اس پورٹل میں روزانہ کی خبروں کی اپ ڈیٹس ، وڈیوز، فیچرز، تصویری مضامین، موضوعاتی فوکس پیجز اور اقوام متحدہ کے اہلکاروں اور وکلا کے انٹرویوز عربی، چینی، انگریزی، فرانسیسی، روسی اور ہسپانوی زبان میں پیش کیے جائیں گے۔اب یو این نیوز ویب سائٹ کا اردو ورژن اس لنک https://news.un.org/ur/ پر لائیو دستیاب ہے اس کے علاوہ ویب لنک کے ذریعے اردو زبان میں یو این ریڈیو تک رسائی بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔