واشنگٹن (پاکستان نیوز) محکمہ دفاع (پینٹاگون)نے انتہائی حساس امریکی دستاویزات کا افشا ہونا قومی سلامتی کیلئے انتہائی سنگین خطرہ قرار ادیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کیمطابق ترجمان پینٹاگون کرس میگر نے اپنے بیان میں کہا کہ دستاویزات میں موجود معلومات سے لوگوں کی جانیں جاسکتی ہیں، ڈیفنس سیکرٹری لائیڈ آسٹن کو ان دستاویزات سے متعلق 6 اپریل کو بریف کیا گیا۔ ترجمان پینٹاگون کا کہنا تھا کہ پینٹاگون کی ٹیم پرکھ رہی ہے کہ جاری کردہ دستاویزات اصل ہیں یا نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ انصاف دیکھ رہا ہے کہ دستاویزات لیک کیسے ہوگئیں؟واضح رہے کہ کچھ دن قبل امریکہ اور نیٹو کا یوکرین جنگ سے متعلق خفیہ منصوبہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کردیا گیا تھا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی منصوبے میں روس پر حملے کے لیے یوکرین کو مسلح کرنے سے متعلق معلومات شامل ہیں۔ امریکہ اپنے ہی اتحادیوں کی جاسوسی کرتا پکڑا گیا، امریکی افواج کی سرگرمیوں سے متعلق خفیہ دستاویزات پینٹاگون سے لیک ہو گئیں۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق لیک ہونے والی حساس امریکی دستاویزات میں انکشاف ہوا کہ امریکا نے جنوبی کوریا، اسرائیل اور یوکرین سے متعلق خفیہ معلومات جمع کیں۔مبینہ طور پر روس میں موجود وسیع امریکی انٹیلی جنس نیٹ ورک کی تفصیلات بھی منظرِ عام پر آ گئیں۔