زندگی گزارنے کیلئے پاکستان سستا ترین ملک

0
80

اسلام آباد (پاکستان نیوز) زندگی گزارنے کیلئے پاکستان دنیا کا سستا ترین ملک ہے۔ ورلڈ آف سٹیٹسٹکس کی طرف سے 139 ملکوں کی فہرست شیئر کی گئی جس میں پاکستان کو سرفہرست رکھا ۔ سستے ملکوں کی فہرست میں ٹاپ ٹین ملکوں میں جنوبی ایشیا کے چار ملک شامل ہیں۔ فہرست کے مطابق پاکستا ن پہلے، سری لنکا دوسرے ، تیسرے نیپال،کولمبیا چوتھے، لیبیا پانچویں، جنگ زدہ یوکرین آٹھویں، کرغیزستان نویں اور طویل عرصے سے خانہ جنگی کا شکار شام دسویں نمبر پر رہا۔ پاکستان میں رہن سہن کے اخراجات 294 ڈالر، سری لنکا316 ڈالر، نیپال 385 ڈالر، افغانستان397 ڈالر، لیبیا اور انڈیا میں 416 ڈالر ہیں۔ادھر ادارہ شماریات کے مطابق موجودہ مالی سال فی کس آمدن 1568 ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال میں 1766 ڈالر تھی جبکہ ایک سال میں فی کس آمدن میں 11.38 فیصد کمی آئی۔ادارہ شماریات کے مطابق ملکی معیشت کے مجموعی حجم میں 33.4 ارب ڈالرکی کمی ریکارڈ ہوئی۔ صحت کے شعبے میں بہتری آئی جس کے بعد 3 فیصد ہدف کے مقابلے میں کارکردگی 8.49 فیصد رہی، تعلیم کے شعبے میں بھی بہتری آئی جو4.9 فیصد ہدف کے مقابلے10.44 فیصد رہی۔انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن کی کارکردگی6 فیصد ہدف سے بہترہوکر 6.93 فیصد رہی۔ نجی شعبے کے کاروبار کیلئے بینکوں کی جانب سے قرضوں کے اجرا میں اپریل کے دوران سالانہ بنیادوں پر 5.4 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی۔ سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضوں کا حجم 7121 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 5.4 فیصد زیادہ ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here