کراچی (پاکستان نیوز) دسمبر 2024ء میں ترسیلات زر29 فیصد اضافے کے ساتھ 3 ارب 10 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں۔گزشتہ سال کے ماہ دسمبر میں ترسیلات زر2 ارب 38 کروڑ ڈالر رہی تھیں۔ سٹیٹ بینک کے مطابق دسمبر2024ء میں آنے والی ترسیلات زر میں نومبر2024ء کی ترسیلات زر2 ارب 92 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں ماہانہ بنیادوں پر 5.6 فیصد اضافہ ہوا ہے، اسی طرح رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ترسیلات زر کی مجموعی مالیت 17.8 ارب ڈالر ہوگئی ہے، جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے کے مقابلے میں32.8 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال اس مدت کے دوران ترسیلات زر 13.4 ارب ڈالر رہی تھیں۔سٹیٹ بینک کے مطابق سعودی عرب سب سے زیادہ 770.6 ملین ڈالر ترسیلات زر کے ساتھ سرفہرست رہا، یو اے ای سے 631.5 ملین ڈالر کے ساتھ دوسرے ، یو کے 456.9 ملین ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا ۔امریکا سے 284.3 ملین ڈالر ترسیلات زر موصول ہوئیں، ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے انسائٹ سیکیورٹیز میں ایکویٹی سیلز کے سربراہ علی نجیب نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک ترسیلات زر کا حجم 35 ارب ڈالر سے بڑھ جائے گا، انھوں نے کہا کہ بلیک مارکیٹ اور انٹر بینک کے درمیان گیپ میں کمی، روپے کی قدر میں استحکام اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کی بہترین کارکردگی ترسیلات زر میں اضافے کی بنیادی وجہ ہیں، چیئرمین ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ظفر پراچہ نے اس حوالے سے بتایا کہ سمگلنگ اور غیر قانونی ذرائع کی بندش کا ترسیلات زر میں اضافے میں اہم کردار ہے، جبکہ امیگریشن پالیسی میں سختی اور دستاویزی معیشت کے فروغ نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے، اوپن مارکیٹ، گرے مارکیٹ اور انٹربینک کے درمیان روپے اور ڈالر کی قدر میں استحکام بھی اضافے کی وجہ ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دسمبر 2024 ء میں موصول ہونے والی 3 ارب 10 کروڑ ڈالر ترسیلات زر ہمارے بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے آہنی عزم کی سند ہیں ۔ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے سے ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ حکومت پاکستان ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے پر عزم ہے۔وزیراعظم نے اتنی زیادہ ترسیلات زرموصول ہونے پرپوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔دریں اثنا جمعہ کو سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کر دہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے دوران زرمبادلہ کے ملکی ذخائر میں مجموعی طورپر 2.381 ارب ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر زرمبادلہ کے ملکی ذخائر کا حجم 13ارب99 کروڑ70 لاکھ ڈالر تھا جس میں سٹیٹ بینک کے پاس 9 ارب 39 کروڑ ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 4 ارب60 کروڑ70 لاکھ ڈالر تھے۔3 جنوری کو ختم ہونیوالے ہفتے میں زرمبادلہ کے ملکی ذخائر کا حجم 16ارب37 کروڑ80 لاکھ ڈالر ریکارڈکیاگیا ہے جس میں سٹیٹ بینک کے پاس11 ارب69 کروڑ50 لاکھ ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 4 ارب68 کروڑ30 لاکھ ڈالر ہے۔ یوں جاری مالی سال کے آغاز سے لے کر اب تک سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر میں 2ارب 30 کروڑ50 لاکھ ڈالر اورکمرشل بینکوں کے پاس 7 کروڑ30 لاکھ ڈالر کااضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ زرمبادلہ کیموجودہ ذخائر2.17 ماہ کی درآمدات کے لئے کافی ہیں۔