بحث رواں برس ستمبر کے دوران برطانوی پارلیمنٹ میں ہونے کا امکان ہے
سرینگر(پاکستان نیوز) برطانوی رکن پارلیمنٹ ایم پی ریچل ہوپکنز نے کشمیر کی تازہ صورتحال کو برطانوی پارلیمنٹ میں زیر بحث لانے کے لئے پارلیمنٹ میں کشمیر پر کھلی بحث کا مطالبہ کر دیاہے۔ رواں سال ستمبر میں برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کی صورتحال پر بحث کا امکان ہے۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق گذشتہ روز برطانوی پارلیمنٹ کی لوٹن ساوتھ سے رکن ایم پی ریچل ہوپکنز نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال پر بحث مارچ میں منعقد ہونا تھی جسے کورونا وبا کی وجہ سے موخر کر دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور معصوم شہریوں کی ہلاکت کا سلسلہ زیادہ شدت اختیار کر گیا ہے جس پر ہمیں فوری اس مسئلہ کو برطانوی پارلیمنٹ میں زیر بحث لانا چاہئیے۔ ایم پی ریچل ہوپکنز اور دیگر ممبران کی کوششوں کے بعد برطانوی پارلیمنٹ میں رواں سال ستمبر میں کشمیر ایشو پر بحث کا قوی امکان ہے۔ چیئرپرسن کشمیر پارلیمنٹری گروپ ایم پی ڈیبی ابراھم نے بھی برطانیہ کے سٹیٹ منسٹروزارت خارجہ آفس لارڈ طارق احمد کے ساتھ بھی مسئلہ کشمیر اٹھایا اور کشمیر کی صورتحال پر نوٹس لینے اور برطانوی حکومت کو کشمیر کی جانب توجہ دینے پر زور دیا۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے سفارتی سطح پر متحرک تنظیم جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل نے برطانوی پارلیمنٹ کی ممبر ایم پی ریچل ہوپکنز کی طرف سے پارلیمنٹ میں کشمیر کی صورتحال اٹھانے پر خیر مقدم کرتے ہوئے کشمیری کمیونٹی کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا ہے۔