اقوام متحدہ(پاکستان نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سابق وزیراعظم چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف کارروائی میں قانون کی حکمرانی کا احترام کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کریں۔انتونیوگوتریس کے نائب ترجمان فرحان حق نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ سیکرٹری جنرل اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم کی گرفتاری کے بعد شروع ہونے والے جاری مظاہروں سے آگاہ ہیں اوروہ تمام فریقوں سے تشددسے اجتناب کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔فرحان حق نے کہا کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پرامن احتجاج کے حق کا احترام کرنے سمیت حکام پرزور دیتے ہیں کہ وہ سابق وزیر اعظم کیخلاف کی جانے والی کارروائی میں قانون کی حکمرانی کا احترام کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کریں۔یادرہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ہفتے کے روز ایک مقامی عدالت کی جانب سے مالی اثاثے چھپانے کے جرم میں تین سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا جس کے بعد احتجاج شروع ہوا۔