اشتہارات کی غیر معمولی کمی، میڈیا مالی بحران سنگین ہوگیا

0
622

میڈیا کیلئے ایک ارب ڈالر کم ہے، امداد پانچ سے دس ارب ہونی چاہئے:میڈیا تنظیمیں

واشنگٹن(پاکستان نیوز)کروناوائرس کے سبب اشتہارات سے ہونے والی آمدن میں غیرمعمولی کمی سے امریکا میں بھی اخباری صنعت مالی بحران کا شکار ہوگئی جس کے بعد نمائندہ تنظیموں نے حکومت سے ہنگامی بنیاد پر امداد کی اپیل کی ہے۔فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آمدن میں کمی نے عالمی سطح پر اخباری صنعت کو بیمار کر دیا ہے اور میڈیا ہاﺅسز نے ملازمین کو فارغ کرنا شروع کردیا ہے۔امریکا میں بھی کئی اخبارات میں ملازمین کو بغیر ادائیگی کام کرنے یا انہیں بغیر تنخواہ کے چھٹیوں پر جانے پر زور دیا جارہا ہے تو کہیں بیشتر ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کر دی گئی ہے۔اس ضمن میں امریکہ میں سیکڑوں اخبارات پر مشتمل نمائندہ تنظیموں نیوز میڈیا الائنس اور امریکن نیوز پیپرز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کانگریس کے رہنماﺅں کو خطوط لکھے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ابلاغ کے کئی اداروں کو اشتہارات سے ہونے والی آمدنی تقریباً ختم ہوگئی ہے جس کے بعد ان کی بقا غیر یقینی ہوتی جارہی ہے۔رواں ہفتے کے آغاز پر امریکا کے سب سے بڑی اخباری چین گینیٹ نے مالی بحران دور کرنے کی غرض سے ملازمتوں میں کمی اور ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کرنے کا اعلان کیا تھا۔اسی طرح ایک اور میڈیا کمپنی لی انٹرپرائزر نے آئندہ تین ماہ کے دوران70سے زیادہ اخبارات کے ملازمین کو بلامعاوضہ چھٹیوں پر چلے جانے پر زور دیا تھا۔ایک اور مقامی اخبار ٹامپابے ٹائمز نے پرنٹ ایڈیشنز ہفتے میں صرف2بار اتوار اور بدھ کو شائع کرنے کا اعلان کیا تھا تاکہ کم ہونے والی آمدن کو کسی حد تک بچایا جاسکے۔نیواورلینز کے سب سے بڑے خبررساں ادارے ٹائمز پکیون اوردی ایڈووکیٹ نے معاشی بحران کے سبب10فیصد عملے میں کمی کا اعلان کیا تھا جبکہ سی اینڈ جی نیوز پیپرز نے ڈیٹرائٹ کے علاقے میں اپنے19پرنٹ ایڈیشنز کی اشاعت معطل کردی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here