تہران:
ایران کے ملٹری شپ یارڈ میں ایک آبدوز میں زوردار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی ایران میں واقع شاہد درویشی نامی ملٹری شپ یارڈ پر ایک آبدوز میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایرانی وزارت دفاع کے 3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ دھماکا آبدوز کی بیٹری پھٹنے کی وجہ سے ہوا۔
ایران ملٹری شپ یارڈ میں ایرانی بحریہ کی آبدوزوں کے علاوہ دیگر اسلحہ و جنگی ساز و سامان کی مرمت کی جاتی ہے اور معمول کی طرح آبدوز کی مرمت جاری تھی کہ زوردار دھماکا ہو گیا۔ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں : امریکا کا ایرانی فورس پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا فیصلہ
واضح رہے کہ ایران پر عائد بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود ملک میں اسلحہ بنانے کی صنعت ترقی کر رہی ہے۔ گزشتہ برس امریکا عالمی جوہری معاہدے کی توسیع سے انکار کرتے ہوئے معاہدے سے دستبردار ہو گیا تھا اور ایران پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کردی تھیں۔