نئی دہلی (پاکستان نیوز) سابق بھارتی آف سپنر ہربھجن سنگھ کے مخالفانہ ٹویٹ پرجہاں پوری دنیا کے مسلمان غم و غصے میں مبتلا ہیں تو وہیں بھارتیوں نے بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ ہربھجن سنگھ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں تمام مسلمان ممالک کے جھنڈے استعمال کئے اور لکھا کہ کچھ ملکوں نے اپنے قومی پرچموں پر چاند بنا رکھا ہے جبکہ کچھ ممالک چاند پر اپنے پرچم لہرا رہے ہیں۔ انہوں نے ان ممالک کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے چاندپر خلائی مشن بھیجنے والے ممالک امریکہ، روس، بھارت اور چین کا جھنڈا استعمال کیا۔ ایک بھارتی ٹوئٹر صارف نے ہربھجن سنگھ کی اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے نیپالی پرچم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کیا میں آپ کی اس متعصب کہانی کو حقائق کے ذریعے نقصان پہنچا سکتی ہوں؟، یہ نیپال کا جھنڈا ہے اور اس پر بھی ہلال احمر بنا ہے ، لفظی طور پر تمام مسلمان ممالک کے جھنڈے استعمال کرنا صریحاً اسلامو فوبیک ہے ، میری خواہش ہے آپ سری لنکن کرکٹرز سے ہی کچھ سیکھ سکتے اور اس ذہنیت سے آگے نکلتے۔