لاہور(پاکستان نیوز) کرائم اینڈسیفٹی انڈیکس 2025 نے لاہور کو نیو یارک، لندن، واشنگٹن، برلن، استنبول اور پیرس سے زیادہ محفوظ قرار دیدیا۔ عالمی ایجنسی نمبیو نے اپنی رپورٹ میں لاہور میں جرائم کی شرح میں واضح کمی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی کرائم انڈیکس میں لاہور کا 37 واں جبکہ محفوظ شہروں میں 63 واں نمبر ہے۔ لاہور میں2023-24 میں 67585، جبکہ2024-25 میں34091 جرائم رپورٹ ہوئے، اس دوران قتل میں 64 فیصد ، ڈکیتی میں 55 فیصد، موٹرسائیکل چوری میں 33 فیصد، چھیننے میں 42 فیصد ، کار چوری میں 33 فیصد، دیگر گاڑیوں کی چوری میں39 فیصد کمی ہوئی، محکمانہ احتساب میں 400 سے زائد افسران و اہلکاروں کو سزائیں ملیں ، جرم ثابت ہونے پر 4 ایس ایچ اوزگرفتار کئے گئے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے کرائم ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی جبکہ کرائم پاکٹس میں انسانی وسائل بڑھائے گئے، اشتہاری، مفرور و عادی مجرم جیلوں میں ڈالے گئے، میرٹ پر تقرریاں کرکے نوجوان افسران کو موقع دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر کے گوناگوں چیلنجز کے باوجود کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، سیاسی عدم دباؤ کے باعث کھل کر پالیسی بنانے اور اس پر عملدرآمد کا موقع ملا، مستقبل کا ہدف واضح لاہور کو عالمی سطح پر محفوظ ترین بنانا ہے۔