واشنگٹن (پاکستان نیوز) انٹرنیٹ سرچ براوزر گوگل کروم پر بھی فروخت کی تلوار لٹکنے لگی ہے، جس کے بعد یاہو اور اوپن اے آئی نے اسے خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔امریکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق گوگل کے خلاف امریکی حکومت کی جانب سے دائرہ کردہ کیس کی سماعت کے دوران ججز اور امریکی محکمہ انصاف کے وکلا سمیت انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنیز کے ماہرین بارہا یہ تجویز دے چکے ہیں کہ گوگل کی اجارہ داری ختم کرنے کے لیے کروم کو فروخت کردینا چاہیے۔کیس کی تازہ سماعت کے دوران یاہو کے اعلی عہدیدار نے کہا کہ اگر عدالت گوگل کو کروم کو فروخت کرنے کا حکم دیتی ہے تو ان کی کمپنی براوزر کو خریدنے کے لیے بولی لگائے گی۔انہوں نے کہا کہ گوگل کروم کی قیمت اربوں ڈالرز میں ہوسکتی ہے، کیوں کہ یہ انٹرنیٹ پر سرچنگ کے لیے سب سے نمایاں براوزر ہے۔