پاکستان ایشیا کا مہنگا ترین ملک قرار

0
35

لاہور(پاکستان نیوز)بلومبرگ نے پاکستان کو ایشیا میں سب سے زیادہ مہنگائی والا ملک قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق بلومبرگ کی جانب سے پاکستان میں مہنگائی خاص کر مہنگی بجلی کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ بلومبرگ نے پاکستان کو ایشیا میں سب سے زیادہ مہنگائی والا ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کونئے آئی ایم ایف پروگرام کیلئے توانائی کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا ہے، پاکستان میں مہنگائی اب بھی ایشیائی ملکوں کے مقابلے میں بلند ترین سطح پر ہے۔ بلومبرگ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بجلی اس قدر مہنگی ہو چکی کہ اب لوگوں کیلئے گھروں کے کرایے کے مقابلے میں بجلی کے بل زیادہ آ رہے ہیں۔ بجلی ٹیرف میں اضافہ اور آئی ایم ایف کے قرض کی شرائط کی تعمیل کے لیے حکومت کی دیگر اصلاحات نے ملک گیر احتجاج کو جنم دیا ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ آئی ایم ایف شرائط پر عملدرآمد کیلئے پاکستان میں گھریلو اور صنعتی صارفین کیلئے بجلی میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے، 2021 سے پاکستان میں اب تک بجلی کی قیمتوں میں 155 فیصد اضافہ ہو چکا۔ جبکہ صرف گزشتہ ماہ جولائی میں رہائشی صارفین کے لیے بجلی کی اوسط فی یونٹ قیمت میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے جس سے شہریوں کی آمدن کا سب سے بڑا حصہ اب بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں خرچ ہو رہا ہے۔ یوں پاکستان میں توانائی کا بحران درد سر بن چکا، جبکہ مہنگائی میں اضافے خاص کر بجلی مہنگی ہونے کی وجہ سے پاکستان میں بجلی کی کھپت 4 سال کی کم ترین سطح پر آ چکی۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے مہنگائی کی شرح 12 فیصد تک آ جانے کا بتایا جا رہا ہے، تاہم مہنگائی کی یہ شرح بھی دیگر ایشیائی ممالک کے مقابلے میں اب بھی زیادہ ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here