ٹرمپ نے ایران سے متعلق فوجی خدشات کی خبروں کو FAKEقرار دیدیا

0
7

نیویارک (پاکستان نیوز)صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا کی حالیہ رپورٹس کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں “فیک نیوز” قرار دیا ہے، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی فوج کے سربراہ نے ایران پر ممکنہ حملے کے حوالے سے شدید خدشات کا اظہار کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ جنرل ڈین کین ایک ایسے سپہ سالار ہیں جو صرف جیتنا جانتے ہیں اور ان کے تحفظات سے متعلق تمام خبریں 100 فیصد غلط ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی ممکنہ تصادم کی صورت میں امریکہ آسانی سے فتح حاصل کر لے گا۔ تفصیلات کے مطابق ‘وال اسٹریٹ جرنل’ اور ‘واشنگٹن پوسٹ’ سمیت بڑے امریکی اخبارات نے رپورٹ کیا تھا کہ جنرل ڈین کین نے صدر کو خبردار کیا ہے کہ ایران پر حملے کی صورت میں جنگ طویل ہو سکتی ہے، جس سے نہ صرف امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے بلکہ خطے میں پیچیدہ صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ تاہم، صدر ٹرمپ نے ان تمام مفروضوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران سے متعلق امریکی مطالبات دراصل اسرائیلی ترجیحات کا حصہ ہیں۔ دوسری جانب، بعض حلقوں کا ماننا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی سے مشرقِ وسطیٰ میں معاشی تباہی پھیل سکتی ہے اور اس کے اثرات چین کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر بھی پڑیں گے۔ صدر ٹرمپ آج امریکی وقت کے مطابق کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے اپنا پہلا سالانہ “اسٹیٹ آف دی یونین” خطاب کریں گے، جس میں وہ ایران کے خلاف اپنی حکمت عملی، معیشت اور ٹیرف سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلوں پر اپنا موقف پیش کریں گے۔ یہ خطاب ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکہ میں مڈٹرم انتخابات کی مہم کا آغاز ہو رہا ہے اور ڈیموکریٹ اراکین کی جانب سے صدر کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here