امریکہ، کینیڈا ، پاکستان اورسعودی عرب سمیت 28 ممالک میں بدھ کو عید منائی گئی

0
5

نیویارک (پاکستان نیوز)دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد کی علامت عید الاضحیٰ کا تہوار اس سال جغرافیائی اور فلکیاتی اصولوں کے باعث دو مختلف دنوں میں تقسیم ہو گیا ہے۔ بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں عید الاضحیٰ ایک ہی دن منانا ممکن نہیں ہو سکا کیونکہ مختلف خطوں میں ذوالحجہ کا چاند الگ الگ تاریخوں پر نظر آیا ہے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، ترکی اور اردن سمیت 28 سے زائد عرب اور اسلامی ممالک میں 27 مئی 2026 بروز بدھ کو عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ پاکستان، ملائیشیا اور امریکہ و برطانیہ میں مقیم مسلم برادری بھی بدھ کے روز ہی سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ دوسری جانب جنوبی ایشیا اور افریقہ کے بعض اہم ممالک میں چاند کی رویت کا فیصلہ مختلف رہا ہے۔ بھارت، بنگلہ دیش، برونائی اور جنوبی افریقہ کے مذہبی حکام نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ ان کے ہاں ذوالحجہ کا چاند دیر سے نظر آنے کی وجہ سے عید الاضحیٰ 28 مئی 2026 بروز جمعرات کو منائی جائے گی۔ فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فرق قدرتی ہے کیونکہ اسلامی ہجری تقویم کا انحصار انسانی آنکھ سے چاند دیکھنے یا مقامی سائنسی حساب کتاب پر ہوتا ہے۔ اگرچہ تاریخوں میں 24 گھنٹے کا یہ فرق موجود ہے، لیکن عالمی سطح پر مسلمانوں کا جذبہ برقرار ہے اور تمام خطوں میں ایثار، فلاحی کاموں اور غریبوں میں گوشت کی تقسیم کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here