تحریک انصاف ”شکاگو چیپٹر “کے سابق صدر ”وسیم بٹ“ اور رابطہ کمیٹی کا شکاگو میں رکنیت سازی کا بائیکاٹ و احتجاج کا اعلان

0
217

 

عبداللہ ریاڑ کی غلط پالیسیوں کے باعث 50 ریاستوں کی مقبول سیاسی جماعت 4 سے 5 ریاستوں تک محدود ہو گئی ہے

وسیم بٹ،شمالی امریکہ کے معروضی، سیاسی و سماجی حالات سے واقف شخصیت کو تنظیمی امور کی سربراہی دی جائے، رابطہ کمیٹی

شکاگو(پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف شکاگو چیپٹر کے سابق صدر وسیم بٹ اور رابطہ کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر وصی اللہ خان، جاوید ریاض، نعیم احمد، محمد سلیم مکھی نے تحریک انصاف شکاگو الی نائے میں تنظیم کی رکنیت سازی اور تنظیمی انتخابات میں او آئی سی (اوورسیز انٹرنیشنل کمیٹی) کی قیادت کی جانب سے شکاگو کی تنظیم پر عدم توجہ اور تنظیم کی باگ ڈور غیر نظریاتی افراد کو دینے پر احتجاج کرتے ہوئے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ سابق صدر وسیم بٹ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق او آئی سی شمالی امریکہ کے سربراہ عبداللہ ریاڑ کی تنظیم سے متعلق غلط پالیسیوں کے باعث امریکہ و کینیڈا کی پچاس سے زائد ریاستوں میں مقبول ترین جماعت تحریک انصاف سُکڑ کر محض 4 سے 5 ریاستوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، بیان میں شکاگو میں رکنیت سازی مہم میں صرف 23 دن کا وقت دے کر اور تنظیم کے سابق عہدیداروں و بنیادی اراکین کو اعتماد میں نہ لینے کے منفی روئیے کے باعث نہ صرف رکنیت سازی مہم کو نقصان پہنچا بلکہ غیر نظریاتی لوگوں کو عبداللہ ریاڑ کی جانب سے فوقیت دینے کے عمل سے تنظیم گروپنگ کا شکار ہو چکی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق 27 فروری کو رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ بطور احتجاج رکنیت سازی اور تنظیمی انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے نیز چیئرمین اور وزیراعظم عمران خان و مرکزی قیادت سے اس صورتحال پر فوری نوٹس لینے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ وسیم بٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ شمالی امریکہ کے معروضی سیاسی، معاشرتی حالات کو سمجھنے والے اور کمیونٹی سے گزشتہ کئی عشروں سے جُڑے ہوئے کپتان کے دیرینہ رفیق اور سینئر رہنما مظہر ساہی کو او آئی سی امریکہ کی سربراہی اور تنظیمی معاملات کی بہتری کی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں، نیز جلد بازی میں کی جانےوالی رکنیت سازی کو معطل کیا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here