کراچی(پاکستان نیوز) تمام شرائط تسلیم کرنے کے بعد پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مستقبل قریب میں اسٹاف سطح پر معاہدہ طے پانے کی امید اور اگلے چند ہفتوں میں آئی ایم ایف بورڈ سے منظوری ملنے کے بعد قسط کے اجراکی توقعات کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں بدھ کو ڈالر دوبارہ بیک فٹ پر آگیا ،کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 2.96روپے کی کمی سے 273.32روپے کی سطح پر بند ہوئے۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک روپے کی کمی سے 279روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف قرض پروگرام کی بحالی کی صورت میں پاکستان کے لیے عالمی برادری اور مالیاتی اداروں کی جانب سے اعلان کردہ 10ارب ڈالر کے فنڈز کا بتدریج اجرا بھی شروع ہوجائے گا جس سے معیشت میں ڈالر کی رسد بڑھ سکے گی اور ڈالر بحران میں قدرے کمی واقع ہوسکے گی۔ دریں اثنا ڈالر کی قدر میں کمی کے اثرات سونے کی مقامی قیمتوں پر بھی مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 11ڈالر کے اضافے سے 1880ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بدھ کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 2000روپے اور 1715روپے کی مزید کمی واقع ہوئی ،جس کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 198000روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 169753روپے کی سطح پر آگئی۔علاوہ ازیں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں اصلاحات، گردشی قرضوں میں کمی جیسی دیگر شرائط تسلیم کیے جانے پر معاہدہ طے پانے کی امید پر آئل اینڈ گیس پاور فارما سمیت دیگر شعبوں میں خریداری سرگرمیوں کے باعث پاکستان سٹاک ایکس چینج میں بدھ کو بھی تیزی رہی جس سے انڈیکس کی41600 اور 41700 پوائنٹس کی مزید دو سطحیں بحال ہوگئیں۔ تیزی کے سبب 53.46فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 24ارب 72 کروڑ 67لاکھ 71ہزار 256 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 200.56 پوائنٹس کے اضافے سے 41723.32 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔