واشنگٹن(پاکستان نیوز) غیر قانونی طورپر امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے بھارتی شہریوں کی تعداد میں گزشتہ سال 2022 کے دوران غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیاہے۔میڈیا کے مطابق امریکی’کسٹم اینڈ بارڈر پیٹرول’ کے اعداد و شمار میں انکشاف کیاگیا ہے کہ گزشتہ سال غیر قانونی طور پر یا سفری دستاویزات کے بغیر امریکا پہنچنے والے بھارتی شہریوں کی تعداد میں گزشتہ برس غیر معمولی اضافہ دیکھاگیا ہے ۔اس عرصے کے دوران 63 ہزار 927 بھارتی شہریوں نے غیر قانونی طورپر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کی جو کہ 2021 کے مقابلے میں دوگنی تعداد ہے ۔ اکتوبر2021 سے ستمبر 2022 تک امریکی سرحدی حکام نے 18ہزار3 سو بھارتی تارکین کوغیر قانونی طورپر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش پر ملک کی جنوبی سرحد پر روکاجس سے گزشتہ ایک سال کے دوران بھارتی غیر قانونی تارکین وطن کی تعداد کے مقابلے میں 2,600 کا اضافہ ظاہرہوتا ہے ۔سان انتونیو، ٹیکساس میں ‘یونیورسٹی آف دی انکارنیٹ ورڈ سے منسلک تاریخ اور ایشیئن اسٹڈیز کی پروفیسر لوپیتا ناتھ نے کہا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں بھارتی باشندوں کے امریکا میں غیر قانونی طورپر داخل ہونے کی کوشش سے امریکا میں پہلے سے موجود بھارتی شہریوں کی ساکھ پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ اگر یہ تعداد اتنی ہی تیزی سے بڑھتی رہی، تو امریکا میں آباد بھارتی تارکین وطن کیلئے بھی بدنامی کا سبب ہو گی ۔نیویارک میں مقیم امیگریشن قوانین کے ماہر اور وکیل روہیت بسواس نے بتایا کہ امریکی شہریت کے حصول کے قوانین جیسے جیسے سخت ہوتے جا رہے ہیں ویسے ویسے بھارتی باشندوں کے امریکا میں غیر قانونی داخلے یا ان کی طرف سے ویزا قوانین کی خلاف ورزی کے امکانات بڑھتے جارہے ہیں۔