مظفرآباد ( پاکستان نیوز ) پاکستان تحریک انصاف نے بیرسٹر سلطان محمود کو صدر آزاد کشمیر بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ آزاد کشمیر کے نئے صدر کا انتخاب 17 اگست کو ہوگا جبکہ منتخب صدر 24 اگست کو حلف اٹھائیں گے۔ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے حالیہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والی پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صدر پی ٹی آئی اے جے کے بیرسٹر سلطان محمود کو آزاد کشمیر کا صدر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں وزیر اعظم عمران خان نے ایل اے 3 میرپور سے قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہونیوالے بیرسٹر سلطان محمود کو صدر آزاد کشمیر بنانے کی منظوری دے دی ہے۔اس سے پہلے وزیر اعظم آزاد کشمیر نہ بنائے جانے پر بیرسٹر سلطان محمود کا اہم بیان بھی سامنے آیا ، پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ 7 سال پارٹی کو چلایا ، جتوایا اور حکومت میں لایا لیکن ناانصافی پر صرف اتنا ہی کہوں گا کہ ‘اس طرح ہی ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں’ تاہم میری سیاست کا مقصد عوامی خدمت ہے اور یہ گھاٹے کا سودا نہیں ہے۔