لندن(پاکستان نیوز) برطانیہ میں پاکستانی نژاد صحافی اور کالم نگار خالد ایچ لودھی نے نوازشریف کے نام کھلے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان ہائی کمیشن میں خود کو پاکستانی حکام کے سامنے سرنڈر کریں۔ خط میں لکھا ہے کہ برطانیہ میں رہنے والی پاکستانی برادری کی جانب سے ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ افغانستان کے تناظر میں پاکستان کی صورتحال بہت نازک ہے، اس لئے یہ ضروری ہے کہ آپ اور آپ کی فیملی خود کو محب وطن ثابت کریں، آپ اور آپ کے دونوں بیٹے حسن اور حسین، اسحاق ڈار، سلمان شہباز اور عابد شیر علی 14اگست کو پاکستان ہائی کمیشن میں پرچم لہرانے کی تقریب میں شریک ہوں۔ ہم یہ مشورہ دیتے ہیں کہ آپ دیگر مفروروں سمیت خود کو پاکستانی حکام کے سامنے سرنڈر کردیں۔ پناہ گزین کی حیثیت کیلئے قانونی جنگ شروع کرنے کے بجائے سرنڈر کرنا ہی بہتر ہے۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ بے گناہ ہیں تو پھر پاکستان جا کر قانون کا سامنا کر سکتے ہیں۔