واشنگٹن (پاکستان نیوز) کریڈٹ سوئز نامی آرگنائزیشن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یورپ ، امریکہ سمیت ایشیا بھر میں گلوبل معاشی بحران کو روکنے کے لیے سوئس بینک سے 54 ارب ڈالر کا قرض حاصل کیا جا سکتا ہے، جس سے امریکہ سمیت گلوبل معاشی مارکیٹ کو استحکام ملے گا، آرگنائزیشن کی جانب سے اس سلسلے میں سوئس اتھارٹیز کو یقین دہانی کرادی گئی ہے جس میں سرمایہ کاری سے متعلق تمام شرائط کا جائزہ لیا جائے گا، اور ان کو پورا کیا جائے گا۔کریڈٹ سوئز کے چیف ایگزیکٹو الرچ کوئینر نے بتایا کہ اس وقت سرمایہ کاری دہری مشکلات سے دوچار ہے ، ہمیں اس موقع پر سرمائے کی بہتات کے لیے بنیادی کام مکمل کرنے کی ضرورت ہے ، 167 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنے پرانے بینکنگ مسائل دوبارہ سے سر اٹھا رہے ہیں ، جس کی بنیادی وجہ سرمایہ کاروں کا بنیادی چیزوں سے ہٹ جانا ہے ۔ سیلیکون اور سگنیچر بینک کے ڈیفالٹ ہونے سے بینکنگ انڈسٹری کے متعلق خدشات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔