نیویارک (پاکستان نیوز)میئر زہران ممدانی کو مینہٹن کی 5thایونیو پر منعقد ہونیوالی سالانہ اسرائیل ڈے پریڈ میں شرکت سے انکار پر یہودی برادری اور سیاسی حلقوں کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ سالانہ تقریب دنیا بھر میں اسرائیل کے حق میں ہونیوالے بڑے اجتماعات میں سے ایک ہے جس کی قیادت روایتی طور پر نیویارک کا میئر کرتا ہے۔ زہران ممدانی نے واضح کیا ہے کہ وہ اس پریڈ کا حصہ نہیں بنیں گے تاہم ان کی انتظامیہ تقریب کے لیے سیکیورٹی اور دیگر ضروری اجازت نامے فراہم کرے گی۔ میئر کے اس فیصلے پر یہودی تنظیموں نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے شہر کی قیادت میں صیہونیت مخالف رجحان کی علامت قرار دیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ زہران ممدانی نے اس سال پاکستان ڈے پریڈ میں تو شرکت کی تھی لیکن اسرائیل کے معاملے میں وہ دوہرے معیار کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ممدانی ماضی میں بھی اسرائیل کے بائیکاٹ کی تحریک کی حمایت کر چکے ہیں اور انہوں نے اسرائیل کو یہودی ریاست کے طور پر تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔ اس تنازع کے بعد نیویارک کی اہم یہودی تنظیموں نے میئر کی رہائش گاہ پر منعقد ہونے والی یہودی ہیریٹیج ماہ کی تقریب کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ ان تنظیموں کا مؤقف ہے کہ وہ ایسے میئر کی میزبانی میں ہونے والی کسی تقریب میں شریک نہیں ہو سکتے جو یہودی ورثے کے اہم ستون یعنی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا۔ دوسری طرف زہران ممدانی کا کہنا ہے کہ ان کا پریڈ میں نہ جانا نیویارک کے یہودی شہریوں کے تحفظ سے انکار نہیں ہے اور ان کی انتظامیہ شہر کے تمام شہریوں کے حقوق اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔












