ٹورنٹو سے کراچی جانیوالی پی آئی اے پرواز کی ٹورنٹو ایئرپورٹ پر اضطراری لینڈنگ

0
7

ٹورنٹو (پاکستان نیوز)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز پی کے 784 جو ٹورنٹو سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی تھی، پرواز کے کچھ ہی دیر بعد طیارے کے کارگو حصے میں فائر الارم کی وارننگ موصول ہوئی۔ اس ہنگامی صورتحال کے پیش نظر طیارے کے کپتان نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوراً ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور ٹورنٹو کے پیئرسن ایئرپورٹ پر واپس اترنے کی اجازت مانگی۔ ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے فوری اجازت ملنے کے بعد پائلٹ نے طیارے کو بحفاظت واپس ٹورنٹو ایئرپورٹ پر لینڈ کرا دیا۔ لینڈنگ کے فوراً بعد پیشگی تدابیر اور طریقہ کار کے مطابق تمام 130 مسافروں کو محفوظ طریقے سے طیارے سے اتار کر ایئرپورٹ کے لاؤنج میں منتقل کر دیا گیا۔ اس موقع پر ایئرپورٹ پر فائر بریگیڈ کی ٹیمیں اور پی آئی اے کا انجینئرنگ عملہ فوراً موقع پر پہنچ گیا اور کارگو ایریا کا تفصیلی معائنہ شروع کر دیا تاکہ الارم بجنے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔ ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق طیارے اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام لازمی اقدامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ اس غیر متوقع واقعے کے باعث مسافروں کو تھوڑی زحمت کا سامنا کرنا پڑا تاہم کپتان کے بروقت فیصلے اور ایئر ٹریفک کنٹرول کے تعاون سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here