مڈ ٹرم انتخابات میں پولنگ اسٹیشنوں پر فوجی تعینات کرنیکا کوئی منصوبہ نہیں

0
8

واشنگٹن (پاکستان نیوز)جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین نے واضح کیا ہے کہ نومبر 2026 میں ہونیوالے وسط مدتی انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنوں پر مسلح فوج یا قومی گارڈز کے اہلکاروں کو تعینات کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔ ڈیموکریٹک سینیٹر ایلیسا سلاٹکن کی جانب سے بھیجے گئے خط کے جواب میں جنرل کین نے اپنے مؤقف کا اظہار کیا جس میں انہوں نے الیکشن کے عمل میں فوج کی مداخلت کی تمام افواہوں کو رد کر دیا۔یہ تحفظات ان خدشات کے بعد سامنے آئے تھے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات کو قومیانے کی بات کی تھی اور پولنگ مقامات پر سرحدی اہلکاروں یا فوج کی تعیناتی سے انکار نہیں کیا تھا۔ سینیٹر سلاٹکن نے دفاعی حکام سے وضاحت طلب کی تھی کہ آیا انتخابات کے دوران ووٹنگ مشینیں ا بیلٹ باکسز کو تحویل میں لینے کے لیے فوج کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جنرل کین نے اپنے خط میں تحریر کیا کہ جوائنٹ فورس کے پاس نہ تو بیلٹ پیپرز، ووٹنگ مشینیں یا دیگر انتخابی مواد کو ضبط کرنے کا کوئی ارادہ ہے اور نہ ہی انہیں انتخابات میں غیر قانونی کردار ادا کرنے کے لیے کوئی احکامات موصول ہوئے ہیں یا ایسے احکامات کی توقع ہے۔ امریکی قانون کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی پولنگ اسٹیشنوں پر موجودگی ممنوع ہے الا یہ کہ ملک کو کسی مسلح دشمن سے شدید خطرہ لاحق ہو۔ اس تفصیلی بیان نے ان تمام چہ مگوئیوں پر فی الحال بریک لگا دی ہے جن میں الیکشن کے نتائج پر اثر انداز ہونے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here