واشنگٹن (پاکستان نیوز)محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے غیرممالک کے سرکاری ملازمین کے امریکہ میں پیدا ہونیوالے بچوں سے متعلق ایک نیا عبوری قانونی قاعدہ جاری کر دیا ہے۔ اس نئے حکم نامے کے تحت ان بچوں کو بطور مستقل قانونی رہائشی اپنا اندراج کرانے کی اجازت دی گئی ہے جن کی پیدائش امریکہ میں ہوئی ہو مگر ان کے والدین میں سے کوئی بھی امریکی شہری نہ ہو اور پیدائش کے وقت کم از کم ایک والد یا والدہ غیر ملکی حکومت کی ملازمت میں ہو۔یہ نیا ضابطہ سابقہ قوانین میں ترمیم کر کے غیر ملکی سفارت کاروں کی اصطلاح کو وسعت دیتا ہے جس میں اب سفارت خانوں، قونصل خانوں اور بین الاقوامی اداروں کے وہ تمام ملازمین شامل ہوں گے جنہیں سفارتی مراعات حاصل ہیں۔ تاہم نجی نوعیت کے ملازمین، تیسرے ملک کے شہری اور کاروباری دورے پر آئے سرکاری اہلکار اس سہولت سے مستثنیٰ رہیں گے۔ اس تبدیلی کے ساتھ ہی حکومت نے مستقل رہائش کی درخواست کے فارم آئی 485 اور سوانحی معلومات کے فارم جی 325 آر میں بھی ضروری ترمیما ت کر دی ہیں۔ اگرچہ یہ قانون 4 ستمبر 2026 سے نافذ العمل ہو چکا ہے مگر فی الوقت ایک عدالت کی جانب سے جاری کردہ امتناعی حکم کی وجہ سے اس پر مکمل عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔ حکومت قانونی راستہ اختیار کر کے اس امتناعی حکم کو ختم کرانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ متوقع طور پر اس قانون کا اطلاق ان تمام بچوں پر ممکن بنایا جا سکے جو اس کی شرائط پر پورا اترتے ہیں۔









