پاکستان میں امریکی سفیر کی تعیناتی کا حل طلب معمہ

0
2

جنوری 2025 کے بعد سے پاکستان میں مستقل سفیر کی عدم موجودگی کے باوجود امریکی سفارت خانے کی سفارتی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ اس عرصے کے دوران قائم مقام ناظم الامور نیٹلی اے بیکر مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات اور روابط برقرار رکھنے کے لیے خاصی متحرک دکھائی دیتی ہیں۔ اگرچہ وہ مستقل سفیر نہیں ہیں، تاہم ان کی اعلیٰ سطح کی سفارتی فعالیت اس امر کی واضح عکاسی کرتی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات بہترین ڈگر پر قائم ہیں۔ نیٹلی بیکر ایک کیریئر ڈپلومیٹ ہیں اور ان کا وسیع تجربہ پاکستان جیسے پیچیدہ سیاسی و سفارتی ماحول میں انتہائی مددگار ثابت ہو رہا ہے۔
پاکستانی ثقافت اور مقامی روایات میں ان کی ذاتی دلچسپی بھی مسلسل توجہ کا مرکز رہی ہے۔ پاکستان اور امریکہ سفارتی سطح پر گزشتہ بیس ماہ سے کافی مصروف عمل ہیں اور اس تمام عرصے میں نیٹلی بیکر نے اپنی بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت دونوں ممالک کے درمیان ایک ماہر سفارت کار کے طور پر بہترین خدمات سرانجام دی ہیں، تاہم اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ وہ ایک قائم مقام نمائندہ ہیں نہ کہ مستقل سفیر۔
پاک امریکہ تعلقات میں اعلیٰ سطح کے بیانات یقیناً اپنی جگہ اہمیت رکھتے ہیں، لیکن ان تعلقات کی حقیقی سمت کا درست اندازہ ہمیشہ عملی اقدامات ہی سے لگایا جاتا ہے۔ ایک مستقل سفیر کی تعیناتی دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی، دفاعی اور سفارتی روابط کو مزید مؤثر اور مستحکم بنانے میں بنیادی کردار ادا کر سکتی ہے۔ سفیر کی مستقل موجودگی نہ صرف اعلیٰ حکومتی سطح پر رابطوں کو نچلے سے اعلیٰ ایوانوں تک مضبوط بناتی ہے، بلکہ کاروباری، تعلیمی اور عوامی تعلقات کے فروغ میں بھی بے حد معاون ثابت ہوتی ہے۔
اسی طرح ایران کے ساتھ درپیش حالات اور علاقائی کشیدگی جیسے حساس معاملات میں پاکستان کا سفارتی کردار واشنگٹن کے لیے خاصی اہمیت رکھتا ہے۔ اگر پاکستان واقعی تمام فریقین کے درمیان رابطوں اور مفاہمت کے لیے کوئی مؤثر کردار ادا کر رہا ہے، تو ایک مستقل امریکی سفیر کی موجودگی اس باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے میں کلیدی پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔ تاہم اس تمام حساس عمل میں بھی نیٹلی بیکر نے اپنے تجربے اور مخصوص سفارتی اسلوب سے مستقل سفیر کی کمی کو کسی حد تک محسوس نہیں ہونے دیا۔
اب بنیادی اور اہم ترین سوال یہی ہے کہ واشنگٹن پاکستان میں مستقل سفیر کی تعیناتی کب عمل میں لاتا ہے اور اس مسلسل تاخیر کی اصل وجوہات کیا ہیں۔ کیا یہ تاخیر امریکی انتظامیہ کی دیگر عالمی ترجیحات کا نتیجہ ہے، نامزدگی اور توثیق کے داخلی عمل میں سستی ہے، یا پھر یہ پاکستان کے بارے میں امریکی پالیسی میں کسی وسیع تر تبدیلی کی علامت ہے؟ ان تمام اہم سوالات کا حتمی جواب صرف قیاس آرائیوں کے ذریعے نہیں دیا جا سکتا۔
بہرحال، پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں گرم جوشی کے دعووں کے ساتھ ساتھ ایک مستقل سفیر کی عدم موجودگی ایک قابلِ توجہ تضاد ضرور ہے۔ نیٹلی بیکر کی سرگرمیاں سفارتی خلا کو ایک حد تک پْر کرنے میں کامیاب رہی ہیں، لیکن قائم مقام نمائندگی کبھی بھی مستقل سفیر کا مکمل متبادل نہیں ہو سکتی۔ اس لیے واشنگٹن کی جانب سے اسلام آباد میں جلد از جلد ایک مستقل سفیر کی تعیناتی یا نیٹلی بیکر کی بطور مستقل سفیر توثیق وقت کی اہم ترین ضرورت اور دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here