اسلام آباد(پاکستان نیوز) اسد قیصر کے مطابق تحریک انصاف کسی سے معافی نہیں مانگے گی۔ تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہماری جماعت کسی سے معافی نہیں مانگے گی، اب ہم کسی سے بات نہیں کریں گے نہ ہم نے اب بات کرنی ہے، عمران خان نے کوئی کمیٹی نہیں بنائی۔ اب ہم تحریک چلائیں گے۔ جبکہ دوسری جانب انہوں نے ایکس پر ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی تمام تر پریس کانفرنس حقائق کے منافی ہے۔ 8 فروری 2024 کو تحریک انصاف نے 31 فیصد ووٹ نہیں بلکہ 61 فیصد ووٹ لئے تھے اور وہ بھی فارم 45 کے مطابق۔ اگر تحریک انصاف سے بلے کا نشان نہ چھینا جاتا تو ووٹ کا تناسب 80 فیصد سے زیادہ ہوتا۔ تحریک انصاف تمام صوبوں کی اکائی اور وحدت کی علامت ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ 9 مئی کا بیانیہ 8 فروری کو عوام نے یکسر مسترد کیا۔ ہماری کسی کے ساتھ لڑائی نہیں ہے، یہ ملک بھی ہمارا ہے اور فوج بھی ہماری ہے، لیکن ہر ادارے کو اپنی آئینی اور قانونی دائرے میں رہ کر ملک کے نظام کو چلانا چاہئے۔ تحریک انصاف ایک پر امن اور عوامی جماعت ہے جس کا ثبوت 8 فروری کا الیکشن ہے۔ اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنماوں نے ترجمان پاک فوج کی پریس کانفرنس پر جوابی پریس کانفرنس کی۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور نامور وکیل نعیم پنجھوتہ نے ترجمان پاک فوج کی پریس کانفرنس کے بعد پی ٹی آئی رہنما کے ہمراہ کی گئی پریس کانفرنس میں کہا کہ 9 مئی کے ذمہ دار وہ ہیں جن لوگوں نے رینجرز کے یونیفارم میں عدالتی احاطے میں عمران خان پر حملہ کیا، وہ لوگ جنہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کی احاطہ عدالت کی بھی اور کور کمانڈر ہاس کی بھی، سول یونیفارم میں ادارے کی گاڑیوں سے افراد کے اترنے کی ویڈیوز موجود ہیں۔