کراچی: معروف اداکارہ و پروڈیوسر عروہ حسین نے مشہور ترین ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ میں ہانیہ کا کردار چھوڑنے کی وجہ بتا دی۔
ایک ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں عروہ حسین کا حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میرے پاس تم ہو‘ میں ہانیہ کا جو کردار حرا مانی ادا کر رہی ہیں دراصل وہ کردار میں کر رہی تھی یہاں تک کہ کئی قسط بھی ریکارڈ ہو گئی تھیں لیکن اس دوران میں فلم’’ٹچ بٹن‘‘ جوکہ میری اپنی پروڈکشن میں بن رہی ہے اس کی شوٹنگ کے لئے پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب چلے گئی تھی۔
عروہ حسین نے کہا کہ شہر ننکانہ صاحب میں فلم کا بڑا سیٹ لگنے کی وجہ سے میں اتنی مصروف تھی کہ خود کو وہاں سے باہر نکال نہیں سکی اور یہ بد قسمتی ہی تھی کہ میں نے اس وقت ڈرامے کے ہدایت کار ندیم بیگ سے مزید کام جاری رکھنے پر معذرت کر لی جس پر وہ مجھ سے ناراض بھی ہوئے
عروہ حسین کا کہنا تھا کہ میں فلم ’’ٹچ بٹن‘‘ کی شوٹنگ مکمل کرکے واپس آئی تو باقائدہ طور پر اُن کے پاس جا کر معافی بھی مانگی کیوں کہ وہ وقت میرے لئے مشکل ترین وقت تھا۔
ندیم بیگ کی ہدایت کاری میں بننے والا ڈرامہ ’ میر پاس تم ہو‘ ہمایوں سعید اور عائزہ خان کی جاندار اداکاری کی وجہ سے مقبول ترین ڈرامہ بن گیا ہے جس میں بزنس مین شہوار کا کردارعدنان صدیقی جب کہ ٹیچر ہانیہ کا کردار حرا مانی ادا کر رہی ہیں۔