نیویارک(پاکستان نیوز) نئے وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا 213 ممالک کو لپیٹ میں لے چکی ہے، وبا میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 52 ہزار 295 ہو گئی ہے، وائرس سے اب تک 56 لاکھ 89 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انسانیت کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہونے والی کرونا وبا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دنیا بھر میں 4 ہزار 48 افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 92 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے، وائرس سے اب تک 24 لاکھ 32 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ کرونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 774 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہو گئی ہے، جب کہ 17 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 19 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔ کو وِڈ نائنٹین سے متاثر 4 لاکھ 79 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 17 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 29,451 ہلاکتیں ہوئیں اور3 لاکھ 73 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔ برطانیہ ہلاکتوں میں دوسرا بڑا ملک بن چکا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 134 نئی اموات کے بعد برطانیہ میں مجموعی اموات 37,048 ہو گئی ہیں، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 2 لاکھ 65 ہزار سے بڑھ گئی ہے، برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا۔ یورپی ملک اٹلی تیسرا ملک ہے جہاں وائرس سے بے پناہ ہلاکتیں ہوئیں، اب تک یہ وائرس اٹلی میں 32,955 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اور 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں سے 1 لاکھ 44 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 500 سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ اٹلی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 78 اموات ہوئیں۔