اسلام آباد:
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہاہے کہ آنیوالا مون سون سیزن ایک مربوط حکمت علی کا تقاضا کر رہا ہے جب کہ بڑے شہروں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہاہے کورونا اور ٹڈی دل صورتحال میں آنیوالا مون سون سیزن ایک مربوط حکمت علی کا تقاضا کر رہا ہے،ہمیں روایتی تیاری کیساتھ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو مدنظر رکھنا ہوگا جب کہ بڑے شہروں میں سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر پیشگی اطلاعات کومقامی اداروں کی سطح پر تیاری کو یقینی بنانا ہے۔
گوجرانوالہ، راولپنڈی، حیدر آباد اور لاہور میں بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بچاؤ کیلئے پیشگی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ،پری مون سون تیاری سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہر سال مون سون کی بارشوں سے سیلاب کا خطرہ رہتا ہے، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیئر آؤٹ برسٹ سے بھی نقصانات ہوتے ہیں، پیشگی اطلاعات کیلئے ارلی وارننگ کے انتظامات سمیت مقامی اداروں کی سطح پر تیاری کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا این ڈی ایم اے نے نیشنل کانٹیجنسی پلان بنایا ہے، تمام شراکت داروں سے مشاورت کی گئی ہے،پراعتمادہیں کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز مکمل تیار رہیں گی۔