اسلام آباد ہائی کورٹ نے شوگر انکوائری رپورٹ پر حکم امتناع میں توسیع کی شوگر ملز کی درخواست مسترد کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے چینی انکوائری کمیشن کے خلاف شوگر ملز کی درخواست پر سماعت کی۔
اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں یہ رواج بن چکا ہے شوگر ملز کے طاقت ور طبقات حکومت میں موجود ہوتے ہیں، یہ کہنا غلط ہو گا کہ انکوائری کمیشن سیاسی مخالفین سے انتقام کے لئے بنایا گیا، انکوائری تو حکومت کے اپنے مضبوط اتحادیوں اور دوستوں کیخلاف بھی ہو رہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ کسی تعصب پر مبنی کارروائی نہیں۔
خالد جاوید خان نے کہا کہ کمیٹی میں آئی ایس آئی کے ممبر کی شمولیت کا اعتراض آیا تھا اس کی وضاحت کردوں، سپریم کورٹ نے پانامہ اور فیک اکاونٹس کیس میں بھی جے آئی ٹی تشکیل دی، اس میں بھی مختلف اداروں کے افسران کو شامل کیا گیا تھا، انکوائری کمیشن نے ایسے ٹی او آرز کے تحت کام کیا کہ شوگر انڈسٹری کے تمام پہلوسامنے آسکیں، ایک لحاظ سے یہ رپورٹ مکمل ان کے خلاف بھی نہیں بلکہ اس میں غیر قانونی اقدام کی نشاندہی کی گئی ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ شوگر ملز کا مسئلہ حکومتی پریس کانفرنسز بھی ہیں، جو حکومت میں ہیں ان کو تو اس طرح کی پریس کانفرنسز کرنے کی ضرورت ہی نہیں، ایسی پریس کانفرنسز دوسرے فریق کے حقوق متاثر کرتی ہیں، انکوائری اور تفتیش کے شروع میں ایسی پریس کانفرنسز نہیں ہونی چاہئیں۔
شوگر ملز کے وکیل مخدوم علی خان نے حکم امتناع میں توسیع کی درخواست کی تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے شوگر انکوائری رپورٹ پر مزید اسٹے آرڈر دینے سے انکار کردیا۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کرکٹر سلیم ملک کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹر پر آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا الزام تھا اور انہوں نے پاکستان میں کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی تھی لیکن ان پر جو الزام تھا اس سے متعلق پاکستان میں کوئی قانون موجود نہیں تھا اس لیے انکوائری کمیشن بنایا گیا، لہذا شوگر کے معاملے پر تمام متعلقہ قوانین ملک میں موجود ہیں، حکومتی انکوائری کمیشن کی ضرورت نہیں تھی۔