شاہِ جنات!!!

0
254

ضیافت عرفات

آج نتھوخان آیا تو بہت خوشگوار موڈ میں تھا، ہم سمجھے شاید بھابی میکے چلی گئی ہیں۔ نتھوخان نے آتے ہی کہا، میرے ہاتھ چومو۔اس سے یقین ہوگیا کہ بھابی واقعی میکے گئی ہوئی ہیں۔ ہم نے ہاتھ چومنے کی غلطی تو نہ کی لیکن غلطی یہ سرزد ہوگئی کہ جانتے بوجھتے ہاتھ چومنے کی وجہ پوچھ بیٹھے۔ نتھوخان ایک دم جلال میں آگیا”میں تجھے بھسم کردوں گا بچہ۔“ بھسم کا سن کر ہمارا اگلا سوال اور بھی عجیب تھا”یار سنا ہے بھسم تو جلا کر کیا جاتا ہے۔؟“ نتھوخان نے شیطانی مسکراہٹ سے کہا’ ’ تو اور کیا چرغہ کھلا کر کیا جاتا ہے۔ہم تجھے ابھی جلا کر راکھ کردیں گے۔“ یہ سن کر تو ہماری خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا، فوراً فرمائش کی”کل سے چولہوں میں گیس نہیں آرہی،آپ صرف آگ جلادیں، چرغہ ہم خود تیار کرلیں گے اور ایک عدد ران بھی عنایت کریں گے۔“ نتھوخان کی آنکھیں انگارہ ہوگئیں، ہم سمجھے شاید ابھی آنکھوں سے چنگاریاں پھوٹیں گی اور ہمارے ٹھنڈے چولہے میں جان پڑ جائے گی جوکہ گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث آگ کیلئے ترس گیا ہے۔ نتھوخان کی آنکھوں سے تو آگ نہ نکلی مگر زبان سے شعلے برسانے لگے”بابا کے ساتھ مذاق کرتا ہے بچہ۔۔ ابھی تجھے مزا چکھاتا ہوں۔“ نتھوخان نے منہ ہی منہ میں کچھ پڑھا اور ہماری طرف ایک بدبو دار پھونک اچھالی۔ اسی وقت ہماری ایک آنکھ میں جلن شروع ہوگئی، ہم نے جلدی سے آنکھ مسلنا شروع کی۔ نتھوخان مسکرایا ”کیوں بچہ! اب پتہ چلا بابا سے مذاق کتنا مہنگا پڑسکتا ہے۔“ غصے سے ہم نے جواب دیا”حد ہوتی ہے مذاق کی ، بندہ پھونک دیکھ بھال کر مارتا ہے، تم نے پھونک کے ذریعے چھالیہ میری آنکھ میں کھینچ ماری ہے۔ اور ایسی کی تیسی تیرے جیسے بابا کی۔“ ہم نے جیب سے موبائل فون نکالا تو نتھوخان نے پریشانی سے دیکھا”کس کا نمبر ملا رہے ہو؟“ ”بھابی یعنی تمہاری زوجہ محترمہ کا۔“ ہم نے جواب دیا اور فون کان سے لگا لیا۔ نتھوخان تو ہمارے پاﺅں میں گر کر معافیاں مانگنے لگا کہ وہ آئندہ مجھ سے ”بابا گیری “ نہیں کرے گا اور پھونک مارنے کی نوبت آئی بھی تو چھالیہ کم از کم نہیں مارے گا ۔ ہم نے فون کان سے ہٹایا اور نتھوخان پر ترس کھا کر پوچھا”تمہیں یہ آج اچانک ہوکیا گیا ہے جو آتے ہی جلال و دھمال کی باتیں شروع کردیں۔“ نتھوخان نے جو کہانی سنائی اس کا لب لباب کچھ یوں ہے ، صبح وہ ایک دفتر میں کام کرتا ہے اور رات کو ایک فیکٹری میں چوکیداری کے فرائض انجام دیتاہے جس کے باعث اس کا گزارا پھر بھی نہیں ہوتا۔ دن رات محنت کے باوجود بھی کچھ ہاتھ نہ آیا تو اس نے مارکیٹ پر نظر ڈالی کہ کون سا کاروبار آسان بھی ہے اور منافع بخش بھی۔ بس اسی سوچ کے تحت اس نے بابا بننے کا سوچا اور مجھ تک پہنچنے سے قبل ہی پانچ لوگوں کو بے وقوف بنا کر ہزاروں روپے جیب میں لیے گھوم رہا ہے اور انہی نوٹوں میں سے ایک چھوٹا نوٹ نکال کر مجھے بطور محنتانہ دینے کا اِرادہ ظاہر کیا ہے کہ میں اس کے لیے ایک عدد اشتہار تیار کردوں جس میں اس کا مکمل تعارف، موکلات اور کام کی تفصیلات ہوں۔
ہمیں اصلی گرل فرینڈز اور جعلی عاملوں پر کبھی بھروسہ نہیں رہا، اس لیے اس کام سے معذر ت کرلی ، مگر نتھوخان نے نوٹوں میں اضافہ کیا تو ہم نے اُسے مشورہ دیا، وہ پہلے اپنا کوئی مخصوص بابائی نام تجویز کرے، کانواں والی سرکار ۔کتیاں والی سرکار ۔ بابا کھمباپیر سرکار ۔ بابا گھوڑے شاہ ۔بابا مُرنڈے شاہ بابا کالی ساڑی والی سرکار ۔بابا چور شاہ سرکار ۔یہ سب پُرانے نام ہیں ۔اگر نام مشکل سا ہو تو اس سے بھی لوگوں پر کافی رعب پڑتا ہے۔ نتھوخان نے مشورہ دیا کہ کالے جادو کیلئے بنگالی مشہور ہیں اور ہندوانہ نام ہو تو اثر زیادہ پڑتا ہے لیکن ساتھ میں ”شاہ “ کا لاحقہ ضرور لگانا۔ ہم نے توجہ بھی کرائی کہ ہندوﺅں میں شاہ نہیں ہوتے۔ مگر نتھوخان نے جھٹ سے کہا”یہاں شاہ، سید والا نہیں۔۔۔ شاہِ جنات والا ہوگا۔“ چونکہ ہم ٹھہرے قلم کے مزدور اس لیے ان سے اتفاق کرتے ہی بنی اور نتھوخان کیلئے کچھ اس قسم کا بازاری اشتہار تیار کیا گیا۔”شیطانوں کے شیطان، چڑیلوں کے سرتاج، جنوں کے مہاراج۔شاہِ جنات پروفیسر عامل بابا رام نتھو چند بنگالی شاہ۔ بابا کا دعویٰ ہے کوئی لڑکی ایسی نہیں جسے پٹایا نہ جاسکے، کوئی عہدیدار ایسا نہیں جسے ہٹایا نہیں جاسکے اور کوئی بیوی ایسی نہیں جسے بھگایا نہ جاسکے۔ بابا کے موکل گھر گھر ایسے پہنچتے ہیں جیسے بجلی کے بل اور لڑکیوں کے کالج کے باہر عاشق پہنچتے ہیں۔ بابا کا ڈسا پانی نہیں، کولڈ ڈرنک پیتا ہے بلکہ کبھی کبھی تو لوگوں کا خون بھی پیتا ہے ۔ بابا کا خصوصی ڈسکاﺅنٹ پیکیج، مردوں کیلئے:۔رشتے میں رکاوٹ، کھانے میں ملاوٹ۔ بیگم کی چالاکیاں، سالیوں کی نالائقیاں، گرل فرینڈ کو ایزی لوڈ کروانے سے نجات۔ بیگم کی مار سے بچنے اور لڑکیاں پھنسانے کے 10بہترین آزمودہ تعویزات۔خواتین کیلئے پیکیج: ۔ بچوں کو نہلانے اور عاشقوں کو بہلانے سے نجات، شوہر کی دوسری شادی کی دھمکی کا خاتمہ، ٹی وی ڈرامے دیکھنے کی تمام رکاوٹیں دور۔ ساس کی جھاڑ اور سسر کی پھنکار ایک ہی چلے سے ختم۔نوٹ: جن لوگوں کو راستے میں کتے پڑجائیں وہ بابا کا خصوصی کارڈ دکھا کر جاں بخشی کرائیں، واضح رہے کہ یہ کارڈ ہر طرح کے سرکاری و غیر سرکاری کتوں سے نجات کیلئے شافی ہے۔نوٹِ مزید:۔بابا کی بنائی ہوئی ذاتی ہاضمے دار پھکی بھی دستیاب ہے۔نوٹِ خاص:۔بابا کا جادو زبیدہ آپا کے ٹوٹکو ں سے زیادہ اثر کرتا ہے۔نوٹِ انتہائی خاص:۔حضرات ملنے سے پہلے ٹائم لیں اور خواتین بابا جی کو خود ٹائم دیں، خواتین کیلئے دن رات کی کوئی قید نہیں، بابا جی پہلی آواز پر بنفس نفیس خواتین کے روبر پیش ہوکر ان کے مسائل حل کریں گے۔“ اشتہار تیار ہوتے ہی نتھوخان غائب ہوگیا ہے۔آپ کو کسی اخبار، ٹی وی، ریڈیو پراس سے ملتا جلتا کوئی اشتہار دیکھنے کو ملے تو سمجھ جائیں کہ وہ نتھوخان ہی ہوگا اور برائے مہربانی ہمیں ضرور مطلع کریں کیونکہ اس نے اشتہار تیار کرانے کا معاوضہ ادا نہیں کیا اس لیے خود بھی ہوشیار رہیں کہ جو اپنے اتنے ہمدرد دوست کو دھوکا دے سکتاہے، وہ کسی کو بھی لوٹ سکتا ہے اور میںنے بھی سوچ لیا ہے کہ اپنا نقصان پورا کرنے کیلئے اس اشتہار میں نام اور رابطہ نمبر بدل کر نتھوخان کی بد معاشی کا بدلہ دوسرے لوگوں سے لوں کیونکہ نتھوخان ہی کہتا تھا، ہم وہ لوگ ہیں جو اپنی غلطیوں کا ازالہ دوسروں کو نقصان دے کر پورا کرنا اچھی طرح جانتے ہیں!!
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here