باکو(پاکستان نیوز) نگورنوکاراباخ پر قبضے کے باعث پاکستان آرمینیا کو تسلیم نہ کرنے والا واحد ملک ہے۔ نگورنوکاراباخ پر قابض آرمینیا نے گھٹنے ٹیک دیئے اور شکست تسلیم کرتے ہوئے روس کی مدد سے امن معاہدہ پر دستخط کردیئے ، آرمینیا کے وزیراعظم امن معاہدہ کے تحت نگورنوکاراباخ کو آذر بائیجان کا حصہ بھی مان لیاہے۔ آذربائیجان نے آرمینیا سے نگورنو کاراباخ کے تنازع پر 6 ہفتوں سے جاری جنگ میں بڑی فتح حاصل کرلی ہے اور اس امن معاہدے کو آذربائیجان کی فتح قرار دیا جارہا ہے جس کے بعد آذر بائیجان میں فتح کا جشن منایا جارہاہے۔ خیال رہے کہ عالمی سطح پر نگورنو کارا باخ آذربائیجان کا تسلیم شدہ علاقہ ہے تاہم اس پر آرمینیا کے قبائلی گروہ نے فوج کے ذریعے قبضہ کررکھا تھا جب کہ اسی قبضے کے باعث پاکستان آرمینیا کو تسلیم نہ کرنے والا واحد ملک ہے۔ امن معاہدے پر آذری صدر الہام علیوف، آرمینیائی وزیر اعظم نکول پشنیان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے دستخط کیے ہیں جس کے بعد معاہدے پر عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔ آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ شاندار فتح پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ اب کاراباخ آذربائیجان ہے اور یہ ہماری فتح کی علامت ہے، جس کے بعد عوام نے سڑکوں پر آکر فتح کا جشن منایا۔