گلگت بلتستان(پاکستان نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ امریکا میں بد زبانوں کو اٹھاکر باہر پھینک دیا گیا اور اب پاکستان میں بھی بدزبانوں کو اٹھاکر باہر پھینکیں گے۔ نگر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ (ن) لیگ گلگت بلتستان میں حکومت بنانے جارہی ہے، چوتھی مرتبہ نہ صرف گلگت میں بلکہ پاکستان میں (ن) لیگ اور نوازشریف کا سورج طلوع ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کی گئی تو عوام آپ کا گھیراو¿ کرے گی، دھاندلی کا فیصلہ نا مسلم لیگ (ن) مانے گی نا گلگت بلتستان کے عوام مانیں گے، مہنگائی نے گھر اجاڑ دیے آپ کہتے ہیں گھبرانا نہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ بدزبانوں کو امریکا میں اٹھاکر باہر پھینک دیا گیا، پاکستان میں بھی بدزبانوں کو اٹھا کر باہر پھینکیں گے، سلیکٹڈ ریجیکٹڈ ہوا، اب یہ جا رہا ہے اور عوام کے الیکٹڈ آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی سے ہمارا مقابلہ ہے لیکن بلاول پر ذاتی حملے برداشت نہیں۔