نیویارک (پاکستان نیوز)ریاست کے لاکھوں شہریوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے جہاں ریاستی انتظامیہ کی جانب سے اربوں ڈالر کے ریبیٹ چیکس بذریعہ ڈاک بھیجنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سال کے ریاستی بجٹ میں شامل ایک ارب ڈالر کے خصوصی پاور ریبیٹ پروگرام کا مقصد شہریوں کو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی بلند قیمتوں سے راحت فراہم کرنا ہے۔ گزشتہ دنوں سے روانہ کیے جانے والے یہ چیکس دسمبر کے اختتام تک مرحلہ وار تمام اہل افراد کے گھروں تک پہنچا دیے جائیں گے۔ یہ مالی امداد ان تمام نیویارک کے باشندوں کو فراہم کی جا رہی ہے جنہوں نے سال 2024 کا انکم ٹیکس گوشوارہ وقت پر جمع کروایا، جو سال بھر نیویارک کے مستقل رہائشی رہے اور جنہیں کسی دوسرے ٹیکس دہندہ کے زیر کفالت ظاہر نہیں کیا گیا۔ رقم کا تعین ٹیکس دہندگان کی آمدنی اور فائلنگ کی حیثیت کے مطابق کیا گیا ہے۔ وہ شادی شدہ جوڑے جن کی مشترکہ آمدنی 150000 ڈالر سے کم ہے انہیں 200 ڈالر کا چیک ملے گا، جبکہ 150000 سے 300000 ڈالر کے درمیان آمدنی والے جوڑوں کو 150 ڈالر ملیں گے۔ مجرد یعنی سنگل فائلرز کے لیے، جن کی سالانہ آمدنی 150000 ڈالر سے کم ہے، 100 ڈالر کی رقم مقرر کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس مراعاتی اسکیم سے 82 لاکھ سے زائد شہری مستفید ہوں گے۔ ان چیکس کو حاصل کرنے کے لیے شہریوں کو کسی قسم کی اضافی درخواست جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ ٹیکس ریکارڈ کے مطابق اہل پائے جانے والے افراد کو یہ خود بخود ان کے پتے پر بھیج دیے جائیں گے۔









