مقبوضہ کشمیر میں غیر اقامتی ڈومیسائل جنیو ا کمیشن کی خلاف ورزی : او آئی سی

0
146

جدہ ،نئی دہلی ، سری نگر(پاکستان نیوز ) اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے جموں وکشمیرمیں غیرریاستی باشندوں کو ڈومیسائل کے اجرا کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا اور کہا غیر ریاستی افراد کو ڈومسائل سرٹیفکیٹ کا اجرا جنیوا کمیشن کے سیکشن 27 (49 ) کی خلاف ورزی ہے۔ سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا جموں کشمیرمیں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کی جوکوشش کی گئی ہے اس کے مثبت نتائج بر آمدنہیں ہوسکتے ، 290 دنوں میں جموں اور کشمیر اور بالخصوص وادی کشمیر بند پڑی ہے ، جموں کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالی عروج پرہے ، سیکرٹری جنرل نے بھارت کی مرکزی حکومت سے بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کوجموں وکشمیرکادورہ کرنے کا اجازت دینے کا مطالبہ کردیا۔ادھر بھارتی وزارت خارجہ نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے ، بھارت جموں و کشمیرکے بارے میں کسی بھی ملک کی مداخلت کوبرداشت نہیں کرے گا۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر ایمنسٹی انٹرنیشنل نے شدید احتجاج کیا ہے اور گزشتہ دنوں کشمیر میں سرچ آپریشن کے دوران 8 سالہ بچے نیہان بٹ کی شہادت پر بھارت سے فوری تحقیقات کرانے کا مطالبہ کردیا ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایوناش کمار نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا بچے کی ہلاکت کے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب بھارت نے دو سال قبل جعلی مقابلے میں شہید کیے جانے والے توصیف شیخ کے ضلع کولگام کے علاقہ رام پورہ میں گھر پر چھاپہ مار کر بہن رفیقہ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی اور بھارتی پولیس کے اہلکار توصیف شیخ کی والدہ کو گرفتار کرکے لے گئے ، مقبوضہ کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے دعویٰ کیا کہ جنوبی کشمیر میں 29 غیر مقامی جنگجو موجود ہیں ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے ضلع کشتواڑ میں معروف آزادی پسند رہنما جہانگیر سروری سمیت ایک درجن سے زائد افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کردی ،چارج شیٹ میں جہانگیر سروری ، مدثر حسین اور ریاض احمد کو مجاہدین قراردیا گیا جبکہ 10 دیگر افراد پر تحریک آزادی کی حمایت کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی پندرہویں کمان کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل بی ایس راجو نے کہا ہے کہ لداخ کی موجودہ صورتحال کاکشمیروادی پرکوئی اثر نہیں ، وادی سے فوج کووہاں نہیں بھیجا گیا تاہم باہر سے کچھ فوج کولداخ بھیجاگیا، فوج کے اعلیٰ کمانڈر نے دعوی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے حدمتارکہ پر فوج کومتحرک کیاہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here