ممتاز محقق، استاد، شاعر و علمی رہنما کی ناگہانی وفات پر کمیونٹی کا اظہار تعزیت و دعائے مغفرت
شکاگو(پاکستان نیوز) ریاست الی نائے میں تدریس، تحقیق، علمی و ادبی حوالوں سے ممتاز و معروف اور شہرہ¿ آفاق ادبی، علمی و فنون لطیفہ سے متعلق خانوادے کے اہم رکن پروفیسر سید نقی اختر بہ رضائے الٰہی سوموار 2 مارچ کو خالق حقیقی سے جا ملے۔ انا للہ وانا علیہ راجعون۔ مرحوم سید نقی اختر شکاگو لینڈ کے ادبی، علمی و سماجی حلقوں میں نمایاں مقام اور احترام کا درجہ رکھتے تھے اور مختلف تقاریب و محافل میں فعالیت اور سینیارٹی کے حوالے سے نمایاں حیثیت میں شرکت کرتے تھے۔ مرحوم پروفیسر نقی اختر نے گزشتہ دنوں اردو انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام ہونےوالے ”جشن خالد عرفان“ کی صدارت کی تھی۔ مرحوم نقی اختر، پاکستان نیوز و سرگم ریڈیو کے اہم ساتھی و ممتاز و معروف ادیب، شاعر ہیومن رائٹ ایکٹوئسٹ افتخار نسیم (افتی نسیم) کے دیرینہ رفیق اور ادبی سرگرمیوں کے حوالے سے قریبی تعلق رکھتے تھے۔ شکاگو کے ادبی و علمی منظر نامہ میں انتہائی مقبول و محترم حیثیت کے حامل پروفیسر نقی اختر کے سانحہ¿ ارتحال پر متعدد ادبی، علمی، فنون لطیفہ اور کمیونٹی کی اہم شخصیات نے پروفیسر نقی اختر کے انتقال کو شکاگو میں ادبی و علمی منظر نامے کے حوالے سے نقصان عظیم قرار دیا ہے اور مرحوم کی مغفرت جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین و پُرستاروں کو صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ قابل ذکر شخصیات میں بزرگ شعراءحامد امروہی، حشمت سہیل کے علاوہ امین حیدر، نذر نقوی، انور رومی، محبوب علی خان، شاہ نعیم الدین نعیمی، رشید شیخ، ڈاکٹر رفیق سیف، غلام مصطفی انجم وغیرہ شامل ہیں۔ پاکستان نیوز کے بیورو چیف رانا جاوید اور ادارتی اسٹاف نے مرحوم نقی اختر کے انتقال پر مرحوم کے افراد خانہ سے ان کے غم میں یکساں شریک ہونے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے جنت الفردوس میں اعلیٰ درجات اور لواحقین کو صبر جمیل کی دعا کی ہے۔