واشنگٹن (پاکستان نیوز)امریکی محکمہ خارجہ کے پروگرام ‘ریوارڈز فار جسٹس’ نے ایران کے جوہری پروگرام، اس کی خفیہ سرگرمیوں اور عالمی پابندیوں کی زد میں آنیوالے مواد کی نقل و حرکت کے بارے میں مصدقہ معلومات دینے والے افراد کے لیے 20 ملین ڈالر تک کے بھاری مالی انعام کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق حساس معلومات فراہم کرنے والے افراد اور ان کے خاندانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انہیں کسی دوسرے محفوظ ملک میں منتقل کرنے کی پیشکش بھی کی جا رہی ہے۔ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن انتظامیہ تہران پر اقتصادی اور سفارتی دباؤ بڑھانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ دوسری جانب امریکی فوج نے ایران کی جانب سے ہتھیاروں اور پابندیوں کا شکار اشیا کی سرحد پار نقل و حمل کو روکنے کے لیے ایک نئی خصوصی ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال دعویٰ کیا تھا کہ امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کے بعد ایران کا جوہری انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، تاہم واشنگٹن تہران کی موجودہ صلاحیتوں اور مستقبل کے خدشات سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کرنا چاہتا ہے۔ دوسری طرف ایرانی حکومت مسلسل اس موقف پر قائم ہے کہ اس کا جوہری پروگرام تمام تر بین الاقوامی ضوابط کے مطابق صرف پرامن اور شہری مقاصد کے لیے ہے اور اس کا ایٹمی ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔










