سرینگر(نیو زایجنسیاں ،نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر بھر میں بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی اور سرچ آپریشن کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رکھا اور کئی نوجوانوں پر وحشیانہ تشدد کیا اور گرفتار کر کے لے گئے ،بھارتی فوج نے بچوں ،خواتین اور بوڑھوں کو ہراساں بھی کیا اور توڑ پھوڑ کر کے املاک کو نقصان پہنچایا ، کئی علاقوں میں کشمیریوں نے بھارتی حکومت ا ور فوج کیخلاف ا حتجاج کیا۔لاک ڈاﺅ ن سے کشمیریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔کشمیری پنڈت بھی ڈومیسائل قانون پر حکومت کے مخالف ہوگئے ، مودی سر کار پر برس پڑے۔ساﺅتھ ایشین وائر کے مطابق کشمیری پنڈت سنجے صراف جو کہ لوک جن شکتی پارٹی کے ترجمان بھی ہیں نے کہا کہ جو ڈومیسائل قانون حکومت نے جموں و کشمیر میں نافذ کیا، اس سے جموں و کشمیر میں یا خطے سے باہر رہنے والے کشمیری پنڈتوں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ ہم جموں وکشمیر کے حقیقی باشندے ہیں۔ ایک اور کشمیری پنڈت ریسی کلم نے ڈومیسائل قانون کو بد قسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ قانون سے جموں کشمیر کے عوام کو مرکزی حکومت نے زخم دیئے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی کورونا وائرس سے اموات میں اضافہ ہونے لگا، مجموعی اموات37 تک جا پہنچیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 182 نئے مثبت کیسزسامنے آئے ہیں، جن میں 5 ڈاکٹرز اور 7 حاملہ خواتین بھی شامل ہیں جس سے وادی میں کورونا کے کیسز کی تعداد 3324 ہوگئی۔