لاہور (پاکستان نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے جیل حکام کو حکم دیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اپنے وکلا بالخصوص سردار لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کیساتھ ایک گھنٹے کی تفصیلی ملاقات کروائی جائے۔ یہ فیصلہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کی اپیلوں پر سماعت کے دوران سامنے آیا۔ عدالت نے ریاست کے نمائندے کو ہدایت کی کہ وہ ملاقات کے انتظامات کو فوری طور پر حتمی شکل دیں تاکہ آئندہ ہفتے اپیلوں پر حتمی دلائل کا آغاز ممکن ہو سکے۔ سماعت کے دوران دونوں شخصیات کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ مہینوں کے عدم رابطے کے باعث قانونی دستاویزات کی تیاری اور ہدایات کا حصول شدید متاثر ہوا تھا۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو اگاہ کیا کہ لمبی عدم ملاقات کے بعد موکلین سے رابطہ ممکن ہوا ہے اور اپیلوں کی موثر پیروی کے لیے وقت درکار ہے۔ مزید برآں دوران سماعت دونوں شخصیات کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔ عدالت نے تمام فریقین کے موقف کا جائزہ لینے کے بعد کارروائی کو 10 دنوں کے لیے ملتوی کر دیا تاکہ قانونی ٹیم موکلین سے مل کر دفاعی حکمت عملی مکمل کر سکے۔ دریں اثناء عمران خان کو بلڈ پریشر میں اضافے اور صحت کے دیگر مسائل کے باعث راتوں رات راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ اور آنکھ کا چیک اپ کیا گیا جبکہ ضروری علاج کے بعد انہیں واپس جیل منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ان کی صحت اور بلڈ پریشر سے متعلق تشویشناک رپورٹس سامنے آنے کے بعد یہ اقدام اٹھایا گیا، اور ان کی سیاسی جماعت کی جانب سے ان کی طبی دیکھ بھال کے معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کو ان کے ذاتی معالجین اور اہل خانہ تک رسائی دی جانی چاہیے تاکہ ان کی صحت کے حوالے سے خدشات کو دور کیا جا سکے۔ اس دوران ہسپتال کے باہر اور اندر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ طبی عملے نے انہیں ضروری ادویات اور طبی امداد فراہم کی۔ یاد رہے کہ وہ گزشتہ کئی سالوں سے مختلف مقدمات کے سلسلے میں جیل میں قید ہیں اور ان کے حامیوں اور وکلاء کی جانب سے بارہا ان کی بہتر طبی سہولیات کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ انہیں قوانین کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔










