پشاور (پاکستان نیوز)حالیہ دنوں کے دوران سامنے آنے والے ایک انتہائی اہم اور حساس انتظامی فیصلے نے ملکی سیاسی و قانونی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے جس کے تحت صوبے میں بے چہرہ عدالتوں کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس نئے نظام کے نفاذ کے بعد عدالتی کارروائی کے دوران نہ تو جج کا چہرہ سامنے آئے گا اور نہ ہی گواہوں کی شناخت ظاہر کی جائے گی۔ ماہرین قانون کے مطابق آئین پاکستان کا آرٹیکل دس اے ہر شہری کو منصفانہ ٹرائل کا بنیادی حق اور ضمانت فراہم کرتا ہے مگر اس طرزِ عدالت کے اجراء سے ملزم کے لیے یہ جاننا ناممکن ہو چکا ہے کہ اس کیخلاف فیصلہ صادر کرنے والا جج کون ہے اور اس گواہ کی اصل حقیقت کیا ہے جس کی بنیاد پر سزائیں دی جا رہی ہیں۔ ماضی میں لاطینی امریکہ کے ممالک جیسے پیرو اور کولمبیا میں بھی اس نوعیت کے تجربات کیے جا چکے ہیں جہاں شفافیت کے فقدان کے باعث بے شمار بے گناہ افراد کو سزائیں بھگتنا پڑیں اور آخر کار ناکامی کے بعد دونوں حکومتوں کو اس غیر منصفانہ نظام کو یکسر ختم کرنا پڑا۔ اس کے برعکس اٹلی جیسی ریاستوں کی تاریخ گواہ ہے کہ وہاں طاقتور ترین مافیا اور مجرموں کے خلاف بھی مقدمات ہمیشہ کھلی عدالتوں میں چلائے گئے تاکہ قانون کی حکمرانی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے جبکہ ریاست نے اپنے ججز اور گواہوں کو خفیہ کرنے کے بجائے مؤثر سکیورٹی فراہم کی۔ آج صوبے میں ایک طرف منتخب حکومت کی معطلی اور عوامی نمائندوں کی عدم موجودگی جیسے سنگین مسائل درپیش ہیں تو دوسری طرف اس قسم کے خفیہ عدالتی نظام کا نفاذ اس بنیادی سوال کو جنم دیتا ہے کہ آیا یہ تمام اقدامات دراصل دہشت گردی کے حقیقی خاتمے کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں یا ان کا مقصد محض سیاسی اختلافِ رائے کو کچلنا اور عوامی اعتماد کو مجروح کرنا ہے۔












