اوٹاوہ،واشنگٹن(پاکستان نیوز) کینیڈا کے شہری اور سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل سے متعلق امریکی خفیہ ایجنسی نے معلومات کینیڈا کو فراہم کر دیں۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا میں مقیم سکھ رہھا ہردیپ سنگھ کے قتل کی تحقیقات میں امریکی خفیہ ایجنسی نے اہم کردار ادا کیا اور کینیڈا کو ایسی معلومات فراہم کیں جن سے ثابت ہوا کہ بھارت سکھ رہنما کے قتل میں ملوث ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ہردیپ سنگھ کے قتل کے بارے میں متعلقہ معلومات امریکہ نے مختلف انٹیلی جنس سٹریمز کے پیکج کے حصے کے طور پر شیئر کیں۔ امریکہ بھارت اور کینیڈا کے تنازع میں باضابطہ طور پر کینیڈا کی حمایت اور تعاون کا اعلان کرچکا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سکھ رہنما کے قتل کی تحقیقات میں کینیڈا سے تعاون کرے اور ہردیپ سنگھ نجر کے قتل پر احتساب کو یقینی بنائے۔ امریکی انٹیلی جنس روز مرہ کی بنیاد پر اپنے دوست ممالک کو خفیہ معلومات فراہم کرتی ہے، امریکہ اور کینیڈا کے مابین مثبت تعلقات کی تاریخ بھی گواہ ہے، ماضی میں بھی امریکہ کینیڈا کو چین کے خلاف خفیہ معلومات فراہم کرتا رہا ہے۔ نیویارک اور کینیڈا میں سکھز فار جسٹس کے رہنما گروپتوت سنگھ پنن نے کہا ہے کہ نریندر مودی کا بھارت عالمی خطرہ بن چکا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گروپتوت سنگھ پنن نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہردیپ سنگھ نجر کا قتل کرکے کینیڈا میں دہشت گردی کی کارروائی کے بعد بھارتی میڈیا اور پارلیمنٹ کھلے عام کینیڈا کو سرجیکل سٹرائیک اور ایٹمی حملے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے بھارت کے نیشنل ٹی وی ریپبلک پر ہونے والی بحث کا حوالہ دیا جس میں بھارتی نژاد کینیڈین شہریوں نے حصہ لیا۔ بحث میں ایک بھاری کینیڈین ہندو راجیواروڑہ نے کہا کہ مسٹر ٹروڈو! تم کون ہوتے ہو آج ہماری 10آبدوزیں بھارت سے جائیں گی اور آپ پر کینیڈا میں جوہری حملہ کریں گی۔ سکھ رہنما نے کینیڈا کے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کینیڈا کی خودمختاری کے لئے براہ راست چینلج ہے۔ ہم خالصتانی سکھوں نے ہمیشہ اپنے ملک کا دفاع کیا ہے اور ہم کینیڈا کا دفاع کریں گے۔ کینیڈا کے وزیر دفاع بل بلیئر نے کہا کہ قتل کے الزامات درست ثابت ہوئے تو کینیڈا کے باعث تشویش ہو گا۔ کینیڈا کی سرزمین پر ایک کینیڈین شہری کے قتل سے ہماری خود مختاری کی خلاف ورزی ہو گی۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہردیپ سنگھ کے قتل پر ردعمل میں کہا ہے کہ کینیڈین وزیراعظم کے بیانات کے بعد شدید تشویش ہے۔ ہردیپ سنگھ کے قتل کی تحقیقات انتہائی اہم ہیں۔ قتل کے ذمہ داروں کو سامنے لانا بہت ضروری ہے۔