عمر شیخ نے پولیس کو اشتہاری قبضہ گروپ ملزمان کی گرفتاری کیلئے 31 اکتوبر کی مہلت دیدی
لاہور(پاکستان نیوز) کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور عمرشیخ نے دعوٰی کیا ہے کہ یکم جنوری 2021 تک لاہور پولیس، نیویارک پولیس بن جائے گی۔ سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی سربراہی میں پولیس افسران کا اجلاس ہوا جس میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے پولیس کو اشتہاری قبضہ گروپ ملزمان کی گرفتاری کے لیے 31 اکتوبر تک کی مہلت دے دی۔ سی سی پی او کا کہنا تھاکہ سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کے خلاف آپریشن کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، قبضہ گروپ معاشرتی ناسور ہیں۔ انہوں نے دعوٰی کیاکہ یکم جنوری 2021 تک لاہور پولیس،نیویارک پولیس بن جائے گی۔ خیال رہے کہ حال ہی میں سی سی پی او لاہور تعینات ہونے والے عمر شیخ مسلسل خبروں کی زینت ہیں، تعیناتی کے آغاز میں ہی ان کے سابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیر سے اختلافات سامنے آئے جس کے بعد آئی جی پنجاب کو تبدیل کردیاگیا، بعد ازاں موٹر وے زیادتی کیس میں متنازع بیان پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑاجس کے بعد انہیں اپنے بیان پر معافی مانگنی پڑی۔