اسلام آباد(پاکستان نیوز) یورپ کے بعد اب امریکا نے بھی پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی پروازوں پر پابندی عائدکردی۔امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی آئی اے کا امریکا میں پرواز کے حوالے سے خصوصی اجازت نامہ منسوخ کردیا گیا ہے اور پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی فلائٹس کی سیفٹی پر تشویش کے باعث لگائی گئی۔ اعلامیے کے مطابق پابندی کی بنیادی وجہ پاکستانی پائلٹس کے لائسنس مشکوک قرار دیا جانا ہے۔اس حوالے سے امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ پابندی کے بعد پی آئی اے امریکا کیلئے اپنی پروازیں نہیں چلاسکے گی اور یہ پابندی پی آئی اے کی ہرقسم کی پروازوں پرلگائی گئی ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے امریکا کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی کی تصدیق کی ہے۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ نے ای میل بھیجی ہے، امریکا کے خدشات کو دور کریں گے، امید ہے پی آئی اے میں جاری اصلاحاتی عمل کے ذریعے پائلٹ والا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔