ابوظہبی (پاکستان نیوز)متحدہ عرب امارات کا مریخ کے لیے تاریخی مشن ”الامل“ جاپان کے خلائی مرکز سے روانہ ہوگیا، جس کے ساتھ ہی یو اے ای مریخ پر غیرانسانی مشن بھیجنے والا پہلا عرب ملک بن گیا، امارات کے نائب صدر ، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا امارات کے لیے یہ فخر کا لمحہ ہے ، مشن نے روشن اور بہتر مستقبل کی امید جگائی ہے ، جاپان کے خلائی مرکز سے روانہ ہونے والے اماراتی مریخ مشن کا کاونٹ ڈاون برج خلیفہ پر دکھایا گیا۔ 1350کلو وزنی مشن کا سائز سپورٹس گاڑی جتنا ہے۔یہ مشن 49 کروڑ 30 لاکھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے 7 ماہ میں سرخ سیارے پر پہنچے گا لیکن وہاں اترنے کے بجائے مدار میں مریخ کے ایک سال یعنی687 روز تک گردش کرے گا، مدار میں اس کی اوسط رفتار 1 لاکھ 21 ہزار کلو میٹر فی گھنٹہ ہو گی اور یہ 55 گھنٹے میں مدار کے گرد اپنا ایک چکر مکمل کرے گا۔