مقبوضہ بیت المقدس( پاکستان نیوز) عنقریب خلیجی ریاست سعودی عرب اور سلطنت عمان بھی اسرائیل کے ساتھ امن معاہدوں کا اعلان کریں گی۔ اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونےوالی خبروں میں کہا گیا کہ اسرائیلی حکومت کے فیصلہ ساز حلقوں کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ مراکش کے بعد اسرائیل کو تسلیم کرنے والا اگلا ملک سلطنت عمان ہوسکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ سعودی عرب بھی اسرائیل کےساتھ امن معاہدے پرغور کررہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اسرائیل کی سیاسی مجلسوں میں تین ہفتے قبل الریاض میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے درمیان ملاقات کی خبر لیک ہونے پر مایوسی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب چاہتا ہے کہ مزید کچھ ممالک اسرائیل کو تسلیم کریں جس کے بعد سعودی عرب کے لئے اسرائیل کو تسلیم کرنے میں اور آسانی ہوجائے گی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے بعض دوسرے مسلمان ملکوں جن میں پاکستان انڈونیشیا، نیجر، مالی، جیبوتی، موریتانیہ، جزائر المقر، برونائی، بنگلہ دیش اور مالدیپ جیسے ممالک سے بھی رابطے کرنے کی کوشش کی ہے۔