کراچی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں جنوبی افریقا کی بیٹنگ، پاکستان کو 158 رنز کی برتری

0
103

کراچی:

کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں جنوبی افریقا کے 220 رنز کے جواب میں پاکستان 378 رنز پر آؤٹ ہوگیا اور یوں میزبان ٹیم کو 158 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے 8 وکٹ کے نقصان پر 308 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، حسن علی 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین نعمان علی تھے جو 24 رنز بناکر مہاراج کا شکار بنے۔ یاسر شاہ 38 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو رباڈا اور کیشو مہاراج نے 3،3 جب کہ لنکی نگیڈی اور اینرچ نورجے نے 2،2، وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان نے کھیل کے پہلے روز ہی 33 رنز پر 4 وکٹیں گنوادیں تھیں تاہم مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقا پر پہلی اننگز میں برتری حاصل ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ سابق کپتان اظہر علی اور فہیم اشرف نے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

اظہر علی 51 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے اور محمد رضوان 33 رنز بنانے میں کامیاب رہے جب کہ فہیم اشرف 64 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز 14 وکٹیں گری تھیں، جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 220 رنز بنائے تھے، پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جب کہ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here