کراچی:
معروف پاکستانی اداکارہ و گلوکارہ اور بزنس وومن کومل رضوی نے اپنی ناکام شادی اور شوہر کے ظلم کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا ہےکہ وہ 4 سال تک گھر میں قید رہی تھیں۔
کومل رضوی اور شعیب ملک ندا یاسر کےشو ’’شان سحور‘‘ میں شریک ہوئے جہاں کومل رضوی نے پہلی بار اپنی ناکام شادی کے بارے میں بات کی ۔ کومل رضوی نے بتایا کہ وہ شادی کے بعد اومان چلی گئی تھیں اور وہاں ان کا شوہر نہ صرف ان پر ظلم کرتا تھا بلکہ مارپٹائی بھی کرتا تھا۔
کومل رضوی نے بتایا کہ ان کا شوہر ذہنی طور پر بیمار تھا اور انہیں پیسے بھی نہیں دیتا تھا جس کی وجہ سے وہ کئی ماہ بھوکے پیٹ بھی سوئیں۔ کومل نے کہا میں شادی کے بعد اومان گئی میرے شوہر مجھے وہاں ورکنگ ویزا نہیں دیتے تھے ڈرائیونگ لائسنس نہیں دیتے تھے میں گھر میں قید تھی چار سال۔
گلوکارہ کومل رضوی نے مزید بتایا میں اپنا خرچ پورا کرنے کے لیے ٹیوشنز پڑھاتی تھی کیونکہ مجھے اور کوئی کام نہیں آتا تھا اور پھر میں نے کھانا پکانا سیکھا اور اسٹورز میں جاکر فروخت کرنا شروع کردیا۔کومل نے کہا میرے شوہر نے مجھ پر ہاتھ بھی اٹھایا اس نے مجھ پر کوک پھینکی اور مجھے دھکا دیا جس کی وجہ سے میرا چہرہ زخمی ہوگیا۔ اور یہیں سے میرے والدین کو شک ہونا شروع ہوگیا کہ میری شادی ٹھیک نہیں چل رہی۔
کومل رضوی نے بتایا کہ میرے والد اومان آئے اور مجھے زبردستی اپنے ساتھ پاکستان لے کر آگئے جب کہ میں اپنے شوہر سے اتنی خوفزدہ تھی کہ واپس نہیں آنا چاہتی تھی کیونکہ مجھے ڈر تھا کہ وہ مجھے جان سے ماردے گا۔
کومل نے کہا اگر لڑکی کے والدین اسے سپورٹ کریں تو وہ ہر مشکل سے گزر جاتی ہے میرے والدین اور بھائی میری سپورٹ تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے تمام لڑکیوں کو کہا اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ پڑھی لکھی ہیں یا نہیں لیکن آپ ہنر ضرور سیکھیں کیونکہ پڑھنے سے زیادہ ضروری ہے کہ لڑکی کے ہاتھ میں کوئی ہنر ہو کیونکہ اگر آپ کے ہاتھ میں ہنر ہوگا تو آپ مشکل حالاتوں میں اپنی مدد خود بھی کرسکتی ہیں۔