اسلام آباد(پاکستان نیوز) وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ 2008 سے 2024 کے دوران ملکی قرضوں میں 61.5کھرب روپے کا اضافہ ہوا جن میں40.2 کھرب کے داخلی ،21.3 کھرب روپے کے بیرونی قرضے شامل ہیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق جون2008 میں سرکاری قرضوں کا حجم6.1کھرب تھا جوکہ 2024 میں 67.5کھرب سے تجاوز کر گئے۔ جون 2008 میں داخلی قرضہ3.3کھرب اور بیرونی قرضہ 2.9کھرب روپے تھا، جون 2024میں اندرونی قرض43.4 کھرب، بیرونی قرض24.1 کھرب روپے تھا۔ وزارت خزانہ کے مطابق 16 برسوں میں پرائمری خسارے کی وجہ سے قرضوں میں10.2 کھرب روپے اضافہ جبکہ سود اخراجات کی وجہ سے32.3 کھرب روپے کا اضافہ ہوا، اس دوران دیگر معاملات کی وجہ سے قرضوں میں 18.9کھرب روپے کا اضافہ ہوا۔ وزارت خزانہ کے مطابق2013 میں قرضوں کا حجم 12.7کھرب روپے تھا،2018 میں 25 کھرب، 2019 میں 32.7کھرب روپے، 2022 میں 49.2 کھرب، 2023 میں 62.9 کھرب روپے جبکہ رواں سال67.5کھرب سے تجاوز کر گیا۔