نیویارک (پاکستان نیوز)امریکی ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی نے 2028 کے صدارتی انتخابات کی نامزدگی کے لیے 12 ابتدائی مباحثوں کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی اعلامیے کے مطابق 5 مباحثے 2027 میں جبکہ 7 مباحثے 2028 میں منعقد ہوں گے، جن کا آغاز آئندہ برس جون سے ہوگا اور حتمی مباحثہ مارچ 2028 میں طے ہے۔ پارٹی چیئرمین کین مارٹن کا کہنا ہے کہ وسط مدتی انتخابات میں تاریخی کامیابی کے بعد پارٹی بھرپور تیاری کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ نئے ضوابط کے تحت مباحثوں میں شرکت کے لیے امیدواروں کو منصفانہ انتخابی مہم کے عہد نامے پر دستخط کرنا ہوں گے، جس کا مقصد سیاسی کمیٹیوں اور نامعلوم ذرائع سے ملنے والے بے تحاشا فنڈز کے اثر و رسوخ کو کم کرنا ہے۔ تاہم سینیٹر برنی سینڈرز نے اس اقدام کو سراہا ہے جبکہ بعض حلقوں نے اسے محض دکھاوا قرار دیتے ہوئے تنقید کی ہے۔ دوسری جانب تازہ ترین قومی جائزوں میں پارٹی نامزدگی کے لیے سخت مقابلہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سابق نائب صدر کملا ہیرس 16.5 فیصد حمایت کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ جارجیا کے سینیٹر جان اوسوف 15 فیصد کے ساتھ ان کے بالکل قریب ہیں۔ رکن کانگریس الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز اور پیٹ بوٹیگیگ 14 فیصد پر برابر ہیں، جبکہ کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم 11.3 فیصد حمایت حاصل کر سکے ہیں۔ بعض حالیہ جائزوں میں جان اوسوف نے واضح سبقت بھی حاصل کی ہے اور پیش گوئی کی منڈیوں میں بھی وہ 22.9 فیصد کے ساتھ سب سے آگے دکھائی دیتے ہیں۔ مباحثوں کے مقامات اور اہلیت کے معیار کی مزید تفصیلات آئندہ جنوری میں جاری کی جائیں گی۔









